بیرسٹر گوہر مسلسل مفاہمت کی کوششوں میں رکاوٹ ان کے اپنے لوگ ڈالتےہیں،شیر افضل مروت

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ عمران خان کی فلاح و بہبود اور پارٹی کے مفاد میں کی جانے والی کوششوں کی سب سے زیادہ مخالفت خود تحریک انصاف کے اندر سے ہوتی ہے۔
نجی خبررساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے کہا کہ بیرسٹر گوہر علی خان سے ان کی ملاقاتیں ہوتی رہی ہیں اور وہ مفاہمت کے حامی ہیں، اس لیے حکومت سے رابطوں سے متعلق خبر درست ہوسکتی ہے بیرسٹر گوہر وقفے وقفے سے کوشش کرتے رہتے ہیں کہ کسی نہ کسی طرح عمران خان، ان کے خاندان اور پارٹی کے لیے معاملات آسان بنائے جاسکیں۔
شیر افضل مروت نے کہا کہ بیرسٹر گوہر علی خان مسلسل مفاہمت کی کوششیں کررہے ہیں، تاہم ان کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ان کی اپنی جماعت کے لوگ ہیں۔ انہوں نے پی ٹی آئی کے حالیہ مارچ کو ناکام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس ناکامی نے مستقبل قریب میں احتجاج کے امکانات بھی محدود کردیے ہیں -
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی فلاح و بہبود اور پارٹی کے مفاد میں کی جانے والی کوششوں کی سب سے زیادہ مخالفت بھی پارٹی کے اندر سے ہوتی ہے بیرسٹر گوہر مفاہمت کے لیے کوششیں تو کرتے ہیں، لیکن انہیں اپنی ہی جماعت کے اندر مخالفت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
شیر افضل مروت نے کہا کہ وہ پہلے دن سے واضح طور پر کہہ رہے تھے کہ یہ مارچ کامیاب نہیں ہوگا بلکہ ناکامی سے دوچار ہوگاپارٹی کے تمام ذمہ داران کو پہلے ہی معلوم تھا کہ عوام سے رابطے نہیں کیے گئے، مارچ میں لوگوں کی شرکت کم ہے، تنظیمی رابطہ کاری کا فقدان ہے اور کارکنوں کو متحرک نہیں کیا گیاپارٹی قیادت یہ سب کچھ دیکھ رہی تھی اور سب کو علم تھا کہ ان حالات میں مارچ ناکام ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی کی ایک سیاسی حیثیت تھی اور مارچ اس کی طاقت کا مظاہرہ ہوسکتا تھا، تاہم اب یہ ظاہر ہوگیا ہے کہ تحریک انصاف کامیاب مارچ کرنے کی پوزیشن میں نہیں۔




