پیٹرولیم لیوی کے خاتمے کے معاملے پر حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات کی تاریخ طے

جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی کے بتدریج خاتمے اور عوام کو ریلیف دینے کے معاملے پر جماعت اسلامی اور حکومتی کمیٹی کے درمیان حتمی مذاکرات 3 نومبر کو ہوں گے۔
نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے بتایا کہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے واٹس ایپ پر رابطہ کرکے مذاکرات کے لیے 3 نومبر کی تاریخ سے آگاہ کیا اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے بھی ٹیلی فونک گفتگو میں بتایا کہ اجلاس کے انعقاد کے لیے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مذاکرات کا بنیادی مقصد پیٹرول لیوی کا بتدریج خاتمہ اور عوام کو مہنگائی سے ریلیف دلانا ہے، حکومت کو عوام کو ریلیف دینا ہوگا، بصورت دیگر جماعت اسلامی ملتان سے اسلام آباد تک لا نگ مارچ کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کو درپیش معاشی مشکلات کے خاتمے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے لیے اپنا مؤقف مذاکرات کے دوران پیش کرے گی۔
لیاقت بلوچ نے بتایا کہ لانگ مارچ سے قبل کوئٹہ، میرپورخاص، بہاولپور، مانسہرہ اور سرگودھا میں عو امی جلسے منعقد کیے جائیں گے اور لانگ مارچ کے انتظامات کے لیے کمیٹیاں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ کچھ روز قبل وزیراعظم شہباز شریف سے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان کی ملاقات ہوئی تھی، جس کے بعد انہوں نے کہا تھا کہ اگر پیٹرولیم لیوی ختم نہ کی گئی تو ہم نومبر کے وسط میں اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کریں گے۔
مزید پڑھیں




