اتوار، 8 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

وزیراعظم کا نوجوانوں کے لیے قرضوں کی حد بڑھا کر ڈھائی کروڑ روپے کرنے کا فیصلہ


وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے وزیراعظم یوتھ بزنس لون اسکیم اور وزیراعظم یوتھ ایگریکلچر لون اسکیم کے تحت نوجوانوں کے لیے ذاتی قرضوں کی حد 75 لاکھ روپے سے بڑھا کر ڈھائی کروڑ روپے کردی ہے جبکہ قرضے آسان اقساط پر فراہم کیے جائیں گے، جبکہ رواں سال دونوں اسکیموں کے لیے مجموعی طور پر 292 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔


وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وزیراعظم یوتھ بزنس لون اسکیم اور وزیراعظم یوتھ ایگریکلچر لون اسکیم پر عملدرآمد اور نوجوانوں کو قرضوں کی فراہمی کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا،اجلاس میں نوجوانوں کو معاشی طور پر بااختیار بنانے، کاروباری مواقع فراہم کرنے اور زرعی شعبے میں ان کی شمولیت بڑھانے کے لیے مختلف اقدامات پر غور کیا گیا۔


وزیراعظم نے نوجوانوں کے لیے کاروباری اور زرعی سرگرمیوں میں مالی معاونت کے مؤثر انتظامات پر وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔


وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ نوجوانوں کو قرضوں کی فراہمی کے پروگرام میں خواتین کے لیے 30 فیصد قرضے مختص کیے جائیں، تاکہ انہیں معاشی طور پر خودمختار بنانے اور کاروباری سرگرمیوں میں ان کی شمولیت بڑھانے کے مواقع فراہم کیے جاسکیں۔


انہوں نے نوجوانوں کے لیے قرض حاصل کرنے کی کم از کم عمر کی حد 21 سال سے کم کرکے 18 سال کرنے کی بھی ہدایت کی کہا کہ عمر کی حد میں کمی کا مقصد نوجوانوں کو کم عمری میں کاروبار شروع کرنے اور زرعی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔


وزیراعظم نے سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) کو ہدایت کی کہ نوجوانوں کو کاروبار کے آغاز میں ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے سمیڈا نوجوانوں کو کاروباری رہنمائی، مشاورت اور تکنیکی معاونت سمیت اسکیم کے تحت دستیاب تمام سہولیات فراہم کرے۔


وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو یوتھ بزنس اور ایگریکلچر لون اسکیموں کے بارے میں ملک گیر سطح پر وسیع آگاہی مہم چلانے کی بھی ہدایت کی،انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو قرضوں کی اسکیموں، دستیاب مواقع اور حکومتی اقدامات سے متعلق آگاہ کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان ان سہولیات سے فائدہ اٹھاسکیں۔

اجلاس میں دی گئی بریفنگ کے مطابق جنوری 2023 سے اب تک مجموعی طور پر 5 لاکھ 81 ہزار 341 نوجوانوں کو قرضے فراہم کیے جاچکے ہیں اس عرصے کے دوران قرضے حاصل کرنے والے نوجوانوں کی تعداد اس سے گزشتہ 10 سال کے مقابلے میں 10 گنا زیادہ ہے۔


بریفنگ میں بتایا گیا کہ جنوری 2023 سے اب تک نوجوانوں کو مجموعی طور پر 313 ارب 90 کروڑ روپے کے قرضے فراہم کیے جا چکے ہیں مالی سال 2026-27 کے دوران 2 لاکھ 66 ہزار 700 نوجوانوں کو مجموعی طور پر 292 ارب روپے کے قرضے فراہم کرنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں اور حکومت انہیں معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لیے پرعزم ہےحکومت نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے، انہیں کاروباری سرگرمیوں میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے اور باعزت و پیداواری روزگار کے حصول میں معاونت کے لیے اقدامات کررہی ہے۔


اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان رانا مشہود احمد خان اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور طلحہ برکی نے شرکت کی۔