اتوار، 8 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

ایران کے خلاف مشن مکمل نہیں ہوا، اسرائیلی وزیرِ دفاع کی مزید حملوں کی دھمکی


اسرائیلی وزیرِ دفاع اسرائیل کاٹز نے مزید حملوں کی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے خلاف اسرائیل کا مشن ابھی مکمل نہیں ہوا۔


اسرائیل کاٹز نے اتوار کو ایک تقریب سے خطاب کرتے ایران پر الزام عائد کیا کہ اس نے اسرائیل اور امریکا کے تباہ کن حملوں کے باوجود ایک بار پھر جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی کوششیں شروع کردی ہیں ایران جوہری ہتھیار کے حصول کی کوشش کے علاوہ بھی ایسی سنگین سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے جو اسرائیل کی ریاست کے لیے حقیقی خطرہ ہیں۔


اسرائیلی وزیرِ دفاع نے کہا کہ ہم غزہ، لبنان اور شام میں قائم سیکیورٹی زونز سے پیچھے نہیں ہٹیں گے‘۔ ساتھ ہی انہوں نے لبنان کی مسلح تنظیم حزب اللہ کو بھی دھمکی دی کہ اگر اس نے ایران کے ساتھ مل کر اسرائیل پر حملہ کیا تو اسے انتہائی سخت حملوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔


اسرائیل کاٹز نے اسرائیلی فوجیوں کی یاد میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے اندر سیاسی اختلافات اپنی جگہ، لیکن قومی سلامتی کو درپیش خطرات کے وقت ان اختلافات سے بالاتر ہونا ضروری ہے’ہمارے درمیان بحث اور اختلاف ہو سکتا ہے، لیکن جب ریاست کی سلامتی داؤ پر لگی ہو تو ہمیں اپنے اختلافات سے بالاتر ہونا آنا چاہیے۔


اسرائیل اور امریکا ان ہی الزامات کی بنا پر ایران پر شدید بمباری کرچکے ہیں، تاہم تہران جوہری ہتھیار بنانے کے الزامات کی مسلسل تردید کرتا رہا ہے،اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو بھی گزشتہ کئی ہفتوں سے ایران پر نئے حملوں کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔ تاہم یہ واضح نہیں کہ آیا انہیں اپنے قریبی اتحادی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اس معاملے پر حمایت حاصل ہے یا نہیں۔


اسرائیلی ٹی وی چینل 12 نے جمعے کو دعویٰ کیا تھا کہ نیتن یاہو اور اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد نے 27 اکتوبر کو اسرائیل کے انتخابات سے ایک روز قبل ایران کے خلاف ایک کارروائی کی کوشش کی تھی، تاہم امریکا کو اس منصوبے کا علم ہوا اور اس نے اسرائیل کو ایسا کرنے سے روک دیا۔


اسرائیل اور امریکا میں ہونے والے حالیہ انتخابات میں بھی نتین یاہو اور ٹرمپ کو بڑا سیاسی دھچکا لگا ہے، جس کی ایک وجہ ایران جنگ کے حوالے سے عوامی ناراضگی بھی بتائی جارہی ہےاسرائیلی انتخابات میں نیتن یاہو کو حکومت بنانے کے لیے درکار نشستیں نہ ملنے کے بعد صدر آئزک ہرزوگ نے ان کے حریف گادی آئزن کوٹ کو نئی حکومت تشکیل دینے کی ذمہ داری سونپ دی ہے۔


اسرائیل کے سابق آرمی چیف اور صدارتی امیدوار گادی آئزن کوٹ نے اسرائیلی فوج کو خبردار کیا ہے کہ نیتن یاہو کے پاس جنگ شروع کرنے کا کوئی مینڈیٹ نہیں اور فوج کو ان کی سیاسی ضروریات کے لیے جنگ میں نہیں جانا چاہیے تاہم وہ مجموعی طور پر نیتن یاہو کے جنگی فیصلوں کی حمایت بھی کرتے آئے ہیں۔