انڈر 19 ایشیا کپ: پاکستان کی بھارت کو شکست

ایشین کرکٹ کونسل انڈر 19 ایشیا کپ کے سنسنی خیز مقابلے میں پاکستان کے حمزہ ظہور کی شاندار سینچری کی بدولت پاکستان نے بھارت کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
عمان میں مسقط کے العامرات کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے گروپ اے کے 8ویں میچ میں پاکستان انڈر 19 کی ٹیم نے ٹاس کے بعد بہترین حکمت عملی اور شاندار ال راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کیا بھارت کی جانب سے ملنے والے 209 رنز کے ہدف کو گرین شرٹس نے 48.1 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے شائقینِ کرکٹ کے دل جیت لیے اور یوں گروپ ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔
ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارتی انڈر 19 کی ٹیم 46.3 اوورز میں 208 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی،بھارتی کپتان لکشیا رائچندانی بغیر کوئی رن بنائے علی رضا کی پہلی ہی گیند پر بولڈ ہو گئے،بھارت کی جانب سے ارجن راجپوت نے 85 گیندوں پر 107 رنز کی شاندار اور جارحانہ اننگز کھیلی جس میں 11 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے، کاویہ پریش پٹیل نے 23، آریہ ویر سہواگ نے 22، اشان سود نے ناٹ آؤٹ 2 ، منال چوہان نے 11، یشوردھن چوہان نے 1، انوائے ڈریوڈ نے 10، وی کے وینیٹھ نے 8، موہت الوا نے 7 اور یشویر گوڈ نے 4 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے علی رضا، نقاب شفیق اور رضوان اللہ نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد صائم نے 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
209 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان انڈر 19کے اوپنر عثمان خان 16 اور جہانگیر بلال 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے،اس کے بعد عبدالقادر 20، احمد حسین 8 اور کپتان فرحان یوسف 2 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے،پاکستان کی 5 وکٹیں صرف 61 رنز پر گر چکی تھیں، جس کے بعد حسنین عباس ڈار اور حمزہ ظہور نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور ٹیم کو سنبھالا دیاحسنین عباس ڈار نے 38 رنز بنائے جبکہ وکٹ کیپر بیٹر حمزہ ظہور نے 108 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 100 رنز کی شاہکار اننگز کھیلی جس میں 10 چوکے اور 3 چھکے شامل تھےمحمد صائم نے 4 اور نقاب شفیق نے ناٹ آؤٹ 2 رنزبنائے جبکہ رضوان اللہ اور علی رضا کو بیٹنگ کی ضرورت پیش نہیں آئی،کیونکہ پاکستان نے 11 گیندیں قبل ہی 7 وکٹوں کے نقصان پر 209 رنز بنا کر شاندار فتح اپنے نام کر لی-
بھارت کی جانب سے منال چوہان نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 10 اوورز میں 32 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں،موہت الوا نے 2 جبکہ اشان سود اور کاویہ پریش پٹیل نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔
دوسری جانب چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے قومی ٹیم کی کامیابی پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگا دیا،سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے مختصر پیغام میں محسن نقوی نے لکھا، ’الحمدللہ، پاکستان ہمیشہ زندہ باد!‘
مزید پڑھیں

کراچی:نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے پولیس افسر شہید

واٹس ایپ نے دو نئے فیچر متعارف کرا دیئے


