نجی ٹی وی کی اینکر ربیعہ احسن قتل، شوہر گرفتار

راولپنڈی میں گھر سے خاتون صحافی ربیعہ احسن کی لاش برآمد، شوہر گرفتار
راولپنڈی کے علاقے اڈیالہ روڈ گلشن آباد میں گھر کے اندر فائرنگ کے واقعے میں خاتون اینکر پرسن اور صحافی ربیعہ احسن جاں بحق ہوگئیں۔ پولیس کے مطابق مقتولہ کی لاش گھر کے بیڈ روم سے ملی، انہیں سامنے کی جانب گردن کے نیچے ایک گولی لگی تھی۔
پولیس ذرائع کے مطابق ربیعہ احسن نجی نیوز چینل 92 نیوز سے وابستہ تھیں اور انہوں نے گزشتہ رات ایک نجی ٹی وی چینل پر اپنا آخری پروگرام کیا تھا۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور تحقیقات شروع کر دیں۔
سی پی او راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا نے گلشن آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ربیعہ احسن کے قتل کا واقعہ رپورٹ ہوا ہے۔ مقتولہ کی لاش ان کے بیڈ روم سے ملی، جبکہ انہیں گردن کے نیچے سامنے کی جانب ایک گولی لگی تھی۔
سی پی او کے مطابق پولیس نے قتل کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور پنجاب فرانزک سائنس لیبارٹری کی ٹیم نے بھی جائے وقوعہ کا دورہ کیا ہے۔ پولیس نے واقعے میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد کر لیا ہے، جبکہ شواہد جمع کیے جا رہے ہیں اور مقدمے کے اندراج کی کارروائی جاری ہے۔
پولیس نے مقتولہ کے شوہر احسن کو گرفتار کر لیا ہے اور انہیں بھی تفتیش میں شامل کر لیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ اس بات کی بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں کہ آیا خاتون صحافی کو مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا یا نہیں۔
مزید پڑھیں

انڈر 19 ایشیا کپ: پاکستان کی بھارت کو شکست


واٹس ایپ نے دو نئے فیچر متعارف کرا دیئے

