Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

جھنگ ڈیزرٹ ریلی: صحرائی حسن، ثقافت اور روایات کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنے کا فیصلہ


وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت پنجاب میں سیاحت کے فروغ اور مقامی ثقافت و روایات کے تحفظ کو اجاگر کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام پہلی تاریخی جھنگ ڈیزرٹ ریلی و 3 روزہ ثقافتی فیسٹیول کا انعقاد ہونے جا رہا ہے۔


پہلی تاریخی جھنگ ڈیزرٹ ریلی و 3 روزہ ثقافتی فیسٹیول 9، 10 اور 11 اکتوبر 2026 کو تحصیل اٹھارہ ہزاری، رحمت آباد میں منعقد ہوگا۔


اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر بابر صاحب دین نے گزشتہ روز جھنگ ڈیزرٹ ریلی و ثقافتی فیسٹیول کے آغاز کے مقام پر پریس کانفرنس سے خطاب کیا ڈپٹی کمشنر بابر صاحب دین نے بتایا کہ ڈیزرٹ ریلی کو مختلف کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے، جس میں خواتین کی ریس بھی شامل ہے۔


انہوں نے کہا کہ جھنگ ڈیزرٹ ریلی کے انعقاد کا مقصد صرف ایک ریس نہیں بلکہ جھنگ کی شناخت، صحرائی خوبصورتی، ثقافت، روایات، تاریخی و سیاحتی مقامات اور قدرتی حسن کو ملکی و بین الاقوامی سیاحوں کے سامنے متعارف کرانے کی ایک کاوش ہے۔


انہوں نے کہا کہ ضلع جھنگ اپنے وسیع صحرائی علاقوں، جن میں 6 ہزار مربع کلومیٹر پر محیط تھل، دریائے چناب اور دریائے جہلم کے سنگم، تاریخی ورثے، لوک روایات، قدیم تہذیبی رنگ اور منفرد ثقافت کے باعث ایک منفرد شناخت رکھتا ہے۔


ضلعی انتظامیہ کا مقصد جھنگ کے ان خوبصورت اور منفرد پہلوؤں کو ایک بڑے پلیٹ فارم کے ذریعے ملکی سطح پر اجاگر کرنا ہے۔ جھنگ ڈیزرٹ ریلی میں ملک بھر سے تقریباً 100 بہترین اور ماہر ڈرائیورز و رائیڈرز سمیت دنیا بھر سے سیاح بھی شرکت کریں گے، جبکہ فوڈ کورٹ اور رہائشی کیمپس بھی قائم کیے جائیں گے۔


ریلی کے دوران شرکا کو جھنگ کے صحرائی علاقوں میں 95 کلومیٹر کے ٹریک پر ڈرائیونگ اور ایڈونچر کا منفرد تجربہ حاصل ہوگا، جبکہ شائقین کے لیے بھی مختلف تفریحی اور ثقافتی سرگرمیوں کا اہتمام کیا جائے گا۔


ایونٹ میں ڈیزرٹ ریلی، تھل کی ثقافت، گھڑ سواری، گھوڑا ڈانس، روایتی کھیل، لوک موسیقی، کبڈی، والی بال، میوزیکل نائٹ اور دیگر ثقافتی و تفریحی سرگرمیاں شامل ہوں گی۔ ان سرگرمیوں کے ذریعے جھنگ کی مقامی ثقافت، روایتی کھیلوں اور فنون کو بھی نمایاں کیا جائے گا۔


جھنگ ڈیزرٹ ریلی کے ذریعے ملک کے مختلف علاقوں سے آنے والے افراد کو جھنگ کے صحرائی حسن، تاریخی ورثے، ثقافتی روایات اور مقامی مہمان نوازی سے روشناس کرایا جائے گا۔ ریلی میں شریک ہونے والے مہمانوں اور سیاحوں کے لیے تھل میں باقاعدہ کیمپس بھی قائم کیے جائیں گے۔




اس موقع پر سابق ارکان صوبائی اسمبلی فیصل حیات جبوآنہ، سلطان سکندر بھروانہ، راشدہ یعقوب شیخ، خالد غنی، صاحبزادہ مولانا محمد آصف معاویہ، امیر عباس سیال، مکرم وحید شیخ سمیت دیگر ضلعی انتظامیہ کے افسران اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔