انتخابی اصلاحات،حکومت کا اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دینے کا فیصلہ

اسلام آباد: حکومت نے آئندہ انتخابات کو شفاف اور قابل اعتماد بنانے کے لیے انتخابی اصلاحات پر اپوزیشن کو اعتماد میں لینے اور پارلیمانی سطح پر اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوششیں تیز کر دی ہیں۔
پارلیمانی ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے انتخابی اصلاحات کے معاملے پر اپوزیشن کو باضابطہ مذاکرات کی دعوت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں وزیراعظم نے انتخابی اصلاحات سے متعلق پارلیمانی کمیٹی میں اپوزیشن کو بھی شامل کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ انتخابی اصلاحات کے لیے قائم کی جانے والی 20 رکنی پارلیمانی کمیٹی میں اپوزیشن کے 5 ارکان شامل کیے جائیں گے، جبکہ وزیراعظم نے اپوزیشن سے کمیٹی کے لیے ارکان کے نام طلب کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
اس حوالے سے اسپیکر قومی اسمبلی اپوزیشن کو پارلیمانی کمیٹی میں شمولیت کی دعوت دینے کے لیے خط لکھیں گے اور ان سے 5 ارکان کے نام فراہم کرنے کی درخواست کی جائے گی۔
دوسری جانب انتخابی اصلاحات کے لیے پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل سے متعلق بیرسٹر عقیل ملک نے سینیٹ میں قرارداد بھی پیش کر دی ہے۔
مزید پڑھیں





