منگل، 27 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

انسائیکلو پیڈیا سیرت صحابہ کرام ،تبصرہ نگار : عبدالغفار مجاہد

نقطہ نظر

اسلامی تاریخ اور دعوت و عزیمت کے باب میں صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کی ذواتِ مقدسہ انبیاء علیہم السلام کے بعد سب سے افضل اور معتبر ترین ہستیاں ہیں۔ انہی نفوسِ قدسیہ نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی معیت میں دینِ اسلام کی اشاعت اور آبیاری کے لیے ناقابلِ فراموش قربانیاں دی ہیں ۔ زیرِ نظر کتاب "انسائیکلوپیڈیا سیرت صحابہ کرام" (جلد اول) جو معروف عالمی اشاعتی ادارے دارالسلام کے تحت منصہ شہود پر آئی ہے۔ یہ کتاب صحابہ کرام کی حیاتِ طیبہ ان کے فضائل، دفاع اور تاریخی خدمات کا ایک بہترین مجموعہ ہے۔ دارالسلام نے اس پروجیکٹ کو انتہائی علمی احتیاط اور اعلیٰ معیار کے ساتھ مکمل کیا ہے۔ اس دائرۃ المعارف (انسائیکلوپیڈیا) کی تیاری میں سالہا سال کی محنت، نامور علمائے کرام اور ماہرینِ تحقیق کی جدوجہد شامل رہی ہے۔ کتاب کے علمی منہج میں سب سے نمایاں خصوصیت محدثانہ طرزِ تحقیق ہے۔ واقعات اور روایات کی چھان بین کے لیے مستند ترین مراجع و مصادر کی طرف رجوع کیا گیا ہے تاکہ کسی قسم کی ضعیف یا موضوع روایت اس دائرۃ المعارف کا حصہ نہ بن سکے۔ دارالسلام انٹرنیشنل کے مینجنگ ڈائریکٹر عبدالمالک مجاہد کہتے ہیں جب ہم سیرت انسائیکلوپیڈیا کا شاہکار پراجیکٹ مکمل کرلیا تو میرے سامنے اگلا منصوبہ انسائیکلوپیڈیا سیرت صحابہ کرام کا م تھا ۔ اس لیے کہ انبیائے کرام کے بعد صحابہ کرام رضی اللہ عنھم ہی افضل ترین ہیں ۔ کتاب کے ابتدائی ابواب میں صحابی کی تعریف، عدالت صحابہ پر قرآن وحدیث سے دلائل ، کتبِ سابقہ میں صحابہ کا تذکرہ اور عدالتِ صحابہ قرآن و حدیث کی روشنی میںجیسے بنیادی علمی اور عقائدی مفاہیم کا احاطہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ معترضین کے اعتراضات کے مسکت جوابات اور صحابہ کرام کے بارے میں سبّ و شتم یا لب کشائی کی ممانعت پر مدلل بحث کی گئی ہے۔ جلد اول کا بڑا حصہ خلیفہ اول، سیدنا ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ کی حیاتِ مبارکہ، دورِ جاہلیت کے کردار، قبولِ اسلام، رفاقتِ نبوی، غزوات میں شرکت اور دورِ خلافت کے جلیل القدر کارناموں پر مشتمل ہے۔اس کے علاوہ فتنہ ارتداد، مانعینِ زکوۃ، مدعیانِ نبوت کی سرکوبی اور فتوحاتِ شام و عراق کی تفصیلی تاریخ کو نقشوں اور جداول کے ساتھ واضح کیا گیا ہے۔ اسی جلد میں خلیفہ ثانی، سیدنا عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ کا نام ونسب، قبولِ اسلام، ان کی ہیبت و بصیرت، موافقاتِ عمر اور دورِ فاروقی کی عظیم الشان فتوحات یرموک، قادسیہ، بیت المقدس، مصر وغیرہ کے ساتھ ساتھ ان کے بہترین عدالتی و انتظامی نظام کا احاطہ کیا گیا ہے۔ سیدنا عثمان بن عفان ، سیدنا علی بن طالب ، سیدنا طلحہ بن عبید اللہ ، سیدنا زبیر بن عوام ، سیدنا عبدالرحمن بن عوف ، سیدنا سعد بن ابی وقاص ، سیدنا سعید بن زید ، امین الامت سیدنا ابوعبیدہ بن جراح ، سیدنا عبداللہ بن عباس ، سیدنا عبداللہ بن عمر ، سیدنا عبداللہ بن عمرو بن عاص، سیدنا عبداللہ بن مسعود جیسے جلیل القدر صحابہ کرام رضوان اللہ علیھم اجمعین کا ذکر خیر شامل کیا گیا ہے ۔ تاریخی واقعات، جنگوں اور فتوحات کے جغرافیائی حالات کو سمجھانے کے لیے نقشہ جات کا شامل کرنا قاری کو تاریخی سیاق و سباق سے گہرا ربط فراہم کرتا ہے۔ کتاب کی زبان اور اسلوبِ نگارش نہایت واضح، دلنشین اور آسان ہے، جس سے عام قاری سے لے کر محققین تک سبھی یکساں مستفید ہو سکتے ہیں۔ واقعات کی سن وار اور موضوعاتی ترتیب قاری کو الجھن سے بچاتی ہے اور مطلوبہ مواد تک رسائی کو آسان بناتی ہے۔یہ عظیم علمی تصنیف انسائیکلو پیڈیا سیرت صحابہ کرام کے لیے محدث دوراں مولانا ارشاد الحق اثری صاحب کا 66 صفحات پر مشتمل مقدمہ ،ان کے علمی تبحر ،تحقیقی بصیرت اور سیرت صحابہ کرام رضی اللہ عنہم سے گہری وابستگی کا آئینہ دار ہے ۔ اتنا وقیع مقدمہ اس کتاب کی علمی قدر و قیمت میں مزید اضافہ کرتا ہے ۔ بلاشبہ یہ مقدمہ محض چند ابتدائی صفحات نہیں ، بلکہ مطالعہ سیرت صحابہ کرام کے ذوق کو جلا بخشنے ، علمی نکات کواجاگر کرنے اور قارئین کواس عظیم علمی ذخیرے سے بھر پور استفادے کی طرف راغب کرنے کی ایک قابل قدر کاوش ہے ۔ محدث دوراں جیسی علمی شخصیت کے اس مقدمہ نے کتاب کی علمی اہمیت کو چار چاند لگا دیے ہیں ۔ 760صفحات مشتمل ضخیم اور عظیم کتاب کی قیمت 3500روپے ہے ۔ یہ کتاب دارالسلام کے مرکزی شوروم نزد سیکرٹریٹ سٹاپ ، لوئر مال لاہور پر دستیاب ہے یا کتاب براہ راست حاصل کرنے کے لیے درج ذیل نمبر 042-37324034پر رابطہ کیا جاسکتا ہے ۔