باکو انٹرنیشنل بک فیئر میں پاکستانی ادبی ورثے کی نمائش

باکو، آذربائیجان: پاکستانی سفارت خانے کی باکو انٹرنیشنل بک فیئر میں شرکت، پاکستانی ادبی ورثے کی نمائش
آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں منعقدہ 12ویں باکو انٹرنیشنل بک فیئر میں پاکستانی سفارت خانے نے وزارتِ وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت اور نیشنل بک فاؤنڈیشن کے اشتراک سے پاکستان کے نامور ادیبوں کی تصانیف پیش کیں۔
پاکستانی کتب کے اس مجموعے میں ناول، شاعری، سفرنامے اور بچوں کا ادب شامل تھا، جس کے ذریعے میلے میں آنے والے افراد کو پاکستان کے علمی، ادبی اور ثقافتی ورثے سے روشناس ہونے کا موقع ملا۔
https://x.com/PTVNewsOfficial/status/2114256099134329314?s=20
آذربائیجان کی وزارتِ ثقافت کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والے اس کتاب میلے کا موضوع ”زندگی اسکرین سے کہیں بڑی ہے ایک بچہ، ایک کتاب، ایک حقیقی دنیا“ تھا۔ میلے میں مختلف ممالک کے ناشرین، مصنفین اور ادبی اداروں نے شرکت کی، جس کا مقصد مطالعے کے فروغ، کتاب دوستی اور بین الاقوامی ثقافتی تبادلے کو تقویت دینا تھا۔
باکو انٹرنیشنل بک فیئر میں پاکستان کی شرکت نے ادب اور کتب کے ذریعے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان باہمی افہام و تفہیم اور ثقافتی روابط کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ دونوں برادر ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کے فروغ میں ادبی اور ثقافتی سرگرمیاں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔





