ہفتہ، 21 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

ایف بی آئی کا مطلوب ملزمان اور گرفتاری کے وارنٹس سے متعلق ڈیٹا بیس ہیک

مصنف:

ایف بی آئی کا مطلوب ملزمان اور گرفتاری کے وارنٹس سے متعلق اہم ڈیٹا بیس ہیک کرلیا گیا۔


امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ ہیکرز نے ایف بی آئی کے اس ڈیٹا بیس تک رسائی حاصل کرلی ہے، جس میں امریکا کو مطلوب ملزمان اور ان کے گرفتاری وارنٹس کا ریکارڈ موجود ہے۔رپورٹ کے مطابق سائبر حملے میں کون سا ڈیٹا متاثر ہوا ہے، اس حوالے سے حکام نے تاحال تفصیلات جاری نہیں کیں، تاہم ایف بی آئی نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔


گزشتہ چند ماہ کے دوران ایف بی آئی کے نظام پر یہ دوسرا سائبر حملہ ہے۔ مذکورہ ڈیٹا بیس وفاقی، ریاستی اور مقامی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے زیر استعمال ہے، جس کے ذریعے مطلوب افراد اور گرفتاری کے وارنٹس سے متعلق معلومات حاصل کی جاتی ہیں۔ایف بی آئی نے واقعے پر فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا، جبکہ ادارے کے ایک سابق اہلکار نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ہیکرز ڈیٹا بیس میں موجود معلومات تبدیل بھی کرسکتے ہیں، جس کے نتیجے میں پولیس کی کارروائیاں متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔


دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ایک انٹرویو کے دوران ایف بی آئی پر سائبر حملے سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ انہیں ابھی اس واقعے کا علم ہوا ہے اور یہ اچھی خبر نہیں ہے۔واضح رہے کہ رواں سال ستمبر میں شائنی ہنٹرز نامی ڈیجیٹل بھتہ خور گروپ نے ایف بی آئی کی ملازمتوں سے متعلق ویب سائٹ تک رسائی حاصل کرلی تھی، جس کے نتیجے میں ادارے کے موجودہ اور سابق ملازمین کا ڈیٹا متاثر ہوا تھا۔