زیبا کے نام !
تو نے دیکھی ہے وہ پیشانی، وہ رخسار، وہ ہونٹ
زندگی جن کے تصور میں لٹا دی ہم نے
تجھ پہ اُٹھی ہیں وہ کھوئی ہوئی ساحر آنکھیں
تجھ کو معلوم ہے کیوں عمر گنوا دی ہم نے
فیض احمد فیض
کچھ لوگ ہماری زندگی میں اس طرح شامل ہو جاتے ہیں کہ پھر ان کے بغیر زندگی کا تصور بھی ادھورا سا محسوس ہوتا ہے۔ تم بھی میرے لیے ایسے ہی ایک خاص انسان ہو، جس کی موجودگی میرے دل کو سکون اور روح کو ایک عجیب سی خوشی دیتی ہے ۔
شاید میں کبھی اپنے جذبات کو مکمل طور پر لفظوں میں بیان نہ کر سکوں، لیکن اتنا ضرور جانتی ہوں کہ تم میرے لیے بہت قیمتی ہو، جیسے ایک بچے کو اپنے کھلونے ست بہت محبت ہوتی ہے اور وہ اسے کسی متاع جاں کی طرح سینے سے لگا کر رکھتا ہے ویسے ہی مجھے تم سے بے پناہ محبت ہے ۔
تمہاری مسکراہٹ میرے لیے کسی خوبصورت صبح کی پہلی کرن جیسی ہے، تمہاری باتیں میرے دل کے لیے سکون کا باعث ہیں اور تمہارا ساتھ میری زندگی کا وہ خوبصورت احساس ہے جسے میں کبھی کھونا نہیں چاہتی ۔
کبھی کبھی سوچتی ہوں کہ آخر کوئی انسان کسی دوسرے انسان کے لیے اتنا خاص کیسے ہو سکتا ہے کہ اس کی ذرا سی خوشی اپنے چہرے پر مسکراہٹ لے آئے اور اس کی خاموشی دل کو بےچین کر دے شاید اسی خوبصورت احساس کا نام محبت ہے۔
اگر میرا دل کچھ اور ہوتا تو شاید میں ہوا ہوتی، مگر ایسی ہوا جو ہر سمت نہیں چلتی بلکہ ایسی ہوا ہوتی جس کے سفر کا ایک ہی مرکز ہوتا جس کی ہر آوارگی تمہارے وجود پر آ کر تمام ہو جاتی میں تمہارے اردگرد یوں ٹھہرتی جیسے محبت کسی دعا کے گرد حصار باندھ لیتی ہے ۔
تمہاری پیشانی پر اترتی تمہارے بکھرے بالوں سے کھیلتی تمہاری آنکھوں کے کناروں کو چھوتی اور تمہارے چہرے پر ٹھہری تھکن کو اپنے لمس میں جذب کر لیتی ۔
اگر میں خوشبو ہوتی تو تمہارے لباس کی تہوں میں چھپ جاتی تمہارے تکیے کے غلاف میں بس جاتی تمہارے کمرے کے پردوں میں اپنا ٹھکانہ بنا لیتی تم کہیں سے لوٹ کر آتے تو سب سے پہلے تمہیں میری موجودگی کا احساس ہوتا تم مجھے دیکھ نہ پاتے چھو نہ پاتے مگر میری مہک تمہارے آس پاس رہتی جیسے کوئی ان دیکھا رشتہ خاموشی سے تمہاری حفاظت کر رہا ہو ۔
اور اگر میں روشنی ہوتی تو تمہارے راستوں میں بکھر جاتی تمہارے قدموں کے آگے آگے چلتی تمہارے اندھیروں میں چراغ رکھتی تمہاری آنکھوں تک پہنچنے سے پہلے تمہارے دل کے اندھیروں کو روشن کرتی میں کبھی تمہیں دھوپ کی تمازت میں نہ چھوڑتی کبھی تمہاری پلکوں پر تھکن کا سایہ نہ پڑنے دیتی بلکہ تمہاری زندگی کے ہر موسم میں تمہارے لیے بہار کا کوئی نہ کوئی امکان ضرور بچا کر رکھتی ۔
تمہیں معلوم ہے؟
محبت کا نا ایک عجیب سا المیہ ہے انسان جسے اپنے دل میں سب سے زیادہ جگہ دیتا ہے اسی کے سامنے اپنے احساسات بیان کرنے کے لیے لفظوں کا محتاج ہو جاتا ہے حیرت کی بات ہے نا ۔
میرے ساتھ بھی کچھ ایسا ہی ہے تمہارا ذکر آتا ہے تو لفظوں کی ساری ترتیب بکھر جاتی ہے دل چاہتا ہے تمہیں کچھ ایسا کہوں جو پہلے کبھی کسی نے کسی سے نہ کہا ہو کوئی ایسی بات جو تمہارے دل میں اتر کر ہمیشہ کے لیے وہیں ٹھہر جائے کوئی ایسا احساس جو تمہارے دل کے آنگن میں محبت کے نئے پھول کھلا دے ۔
میرا دل چاہتا ہے کہ کبھی تم اپنے اندر جمع سارے موسم میرے سامنے کھول کر رکھ دو اپنی بےترتیب سوچیں اپنی ادھوری خواہشیں اپنے وہ خواب جن کا ذکر تم نے کسی سے نہیں کیا اپنی وہ الجھنیں جنہیں تم ہنسی میں ٹال دیتے ہو ۔
میں چاہتی ہوں تمہارے حصے میں آنے والی ہر خوشی تمہارے لیے اتنی وسیع ہو کہ تمہارا دل اس میں سما نہ سکے تمہاری ہر کامیابی پر آسمان تمہارے لیے ذرا اور بلند ہو جائے تمہاری ہر خواہش کو تکمیل کا کوئی خوبصورت راستہ ملے تمہارے لبوں پر مسکراہٹ ہو تو وہ دیر تک ٹھہری رہے اور تمہاری آنکھوں میں نمی آئے تو وہ صرف خوشی کے کسی غیر معمولی لمحے کی گواہی ہو ۔
نگاہ و دل کو قرار کیسا، نشاط و غم میں کمی کہاں کی
وہ جب ملے ہیں تو اُن سے ہر بار، کی ہے الفت نئے سرے سے
فیض احمد فیض
تم میرے لیے کسی خوبصورت کہانی کا محض ایک کردار نہیں ہو تم وہ احساس ہو جس کے بعد خوبصورتی کے معنی بدل جاتے ہیں تمہیں دیکھنے کے بعد عام سے مناظر بھی خاص محسوس ہونے لگتے ہیں شام کی ڈھلتی روشنی میں تمہارا خیال بارش کی پہلی بوند میں تمہاری یاد کسی خوبصورت گیت کے ادھورے بولوں میں تمہارا نام اور رات کی آخری خاموشی میں تمہاری خیریت کی دعا یہ سب محبت ہی کے مختلف روپ ہیں ۔
میں تمہیں اپنی محبت کے حصار میں قید نہیں کرنا چاہتی بلکہ میں چاہتی ہوں کہ تم اتنے آزاد رہو کہ تمہاری روح اپنی پسند کے تمام آسمان کو چھو سکے تم جہاں چاہو جاؤ جو خواب چاہو دیکھو جس بلندی کو چاہو اپنا مقدر بناؤ ۔
شاید محبت یہی ہے کہ انسان کسی کو اپنی ذات کا محتاج بنانے کے بجائے اس کی خوشیوں کا طلب گار ہو جائے ۔ اس کے حصے کی دھوپ اپنے حصے میں مانگے اس کے لیے آسانیاں چاہے اس کی سلامتی کو اپنی دعاؤں کا مستقل حصہ بنا لے اور پھر بھی اپنے احساسات کا کوئی حساب نہ رکھے ۔
دل کے اختیار بڑے بے اختیار ہوتے ہیں اور میرا دل بھی تمہارے لیے بے اختیار ہے تمہارے معاملے میں عقل کا کوئی عمل دخل نہیں تم بس دل میں ہو اور میں تمہیں دل کی آنکھوں سے ہی دیکھتی ہوں تم نور ہو میری آنکھوں کا، مسکراہٹ ہو میرے ہونٹوں کی۔ سکون ہو میرے قلب کا ۔
میں چاہتی ہوں کہ تم جہاں بھی رہو زندگی تمہارے ساتھ ذرا نرم رہے راستے تمہارے لیے آسان ہوں دعائیں تمہارے آگے آگے چلیں خوشیاں تمہارے دروازے پر دستک دیتی رہیں اور تم کبھی خود کو تنہا محسوس نہ کرو اور اگر کبھی تنہائی تمہیں گھیر بھی لے تو میرے احساسات تمہارے گرد کسی نرم چادر کی طرح پھیل جائیں ۔
زیبا ! یہ نام فقط تمہارے لیے ہے اس میں چھپا احساس تمہارے لیے ہے ۔
مَیں دیکھتا تھا اُسے اور اُسے بتاتا تھا
کہ اُس کے جیسا یہاں دیکھنے کو کچھ بھی نہیں
تجمل کاظمی
مزید پڑھیں






