جمعرات، 19 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دورہ بلوچستان، جوانوں کے عزم اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراج تحسین

مصنف:

تربت: آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاک فوج بلوچستان کے عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، امن، خوشحالی اور پائیدار ترقی کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گی۔


پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دورہ بلوچستان کے دوران تربت میں شہداء کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔


اس موقع پر انہیں بلوچستان کی موجودہ سکیورٹی صورتحال، آپریشنل تیاریوں اور بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خلاف جاری کامیاب کارروائیوں پر جامع بریفنگ دی گئی۔ انہیں صوبے میں جاری مختلف سماجی و اقتصادی ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔


آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے مشکل آپریشنل حالات کے باوجود ان کی اعلیٰ آپریشنل تیاری، پیشہ ورانہ مہارت اور مادر وطن کے دفاع کے لیے غیرمتزلزل عزم کو سراہا۔


آرمی چیف نے امن، خوشحالی اور پائیدار ترقی کے مسلسل حصول کے لیے پاک فوج کے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ فوج بلوچستان کے عوام کے ساتھ کھڑی رہے گی اور صوبے میں امن و ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔