بدھ، 18 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

ٹرمپ کے دورہ اسکاٹ لینڈ کے دوران حملے کی منصوبہ بندی ، 42 سالہ بھارتی نژاد شخص گرفتار

مصنف:

لندن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے جولائی 2025 میں اسکاٹ لینڈ کے دورے کے دوران چاقو سے دہشت گرد حملے کی منصوبہ بندی کرنے کے الزام میں 42 سالہ شخص پر فردِ جرم عائد کردی گئی۔


برطانوی میڈیا کے مطابق ابھے دیوداس نائیک پر الزام ہے کہ وہ انگلینڈ کے شہر لوٹن سے اسکاٹ لینڈ گیا تھا، جہاں اس کا مبینہ منصوبہ چاقو خرید کر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں کو نشانہ بناتے ہوئے دہشت گردی کی کارروائی کرنا تھا۔استغاثہ کے مطابق ملزم نے مئی اور جون 2025 کے دوران ترکیہ جانے کے سفری انتظامات بھی کیے تھے، جہاں سے اس کا مبینہ ارادہ شام جا کر داعش میں شمولیت اختیار کرنے کا تھا۔ملزم پر برطانیہ میں مسیحی عبادت گاہوں اور تقریبات میں شرکت کرکے وہاں کی سرگرمیوں کی نگرانی، معلومات جمع کرنے اور عبادت گزاروں کے خلاف دہشت گردی کی کارروائی کی منصوبہ بندی کا بھی الزام ہے۔ اس کے علاوہ لندن میں ٹیسلا کے شورومز کو بھی مبینہ طور پر دہشت گرد حملوں کا نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کا الزام عائد کیا گیا ہے۔


رپورٹ کے مطابق ملزم کو 27 جولائی 2025 کو لوٹن سے گلاسگو جانے والی پرواز میں ہنگامہ آرائی کے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔ اس پر طیارے کے عملے کے ایک رکن پر حملہ کرنے، طیارے کو بم سے اڑانے کی دھمکی دینے اور جارحانہ رویہ اختیار کرنے کا الزام بھی ہے، جس کے باعث پائلٹ کو ہنگامی کال دینا پڑی جبکہ مسافروں نے اسے قابو کیا۔استغاثہ کا مزید الزام ہے کہ ملزم نے انٹرنیٹ کے ذریعے دھماکا خیز مواد اور اسلحے کے لیے گولہ بارود تیار کرنے اور خریدنے سے متعلق معلومات بھی حاصل کیں۔


ابھے نائیک پر حملہ، امن عامہ میں خلل ڈالنے اور دہشت گردی کے تین الزامات سمیت متعدد دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ دہشت گردی کے ایک الزام کا دورانیہ اپریل 2006 سے جولائی 2025 تک بتایا گیا ہے، جس میں بھارت، لوٹن، لندن، لوٹن ایئرپورٹ اور گلاسگو ایئرپورٹ سمیت مختلف مقامات شامل ہیں۔


گلاسگو کی ہائی کورٹ میں بدھ 18 نومبر کو ہونے والی سماعت کے دوران لارڈ آرتھر سن نے مقدمے کی ابتدائی سماعت 29 جنوری 2027 جبکہ باقاعدہ ٹرائل 31 مارچ 2028 کو شروع کرنے کا شیڈول مقرر کیا ہے۔ملزم اس وقت عدالتی تحویل میں ہے۔