جمعرات، 19 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

مرکزی مسلم لیگ نے عظمیٰ بخاری کو 5 ارب روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھجوا دیا

Minister Information Uzma Bukkhari
مصنف:

مرکزی مسلم لیگ نے پنجاب کی صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کو مرکزی مسلم لیگ کے خلاف ہتک آمیز ، جھوٹے،بدنتیی پر مبنی بیانات پر 5 ارب روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھجوا دیا، مرکزی مسلم لیگ کو دہشتگرد، کالعدم کہنے کے بیانات پر سات روز میں معافی مانگنے، الزامات واپس لینے اور سوشل میڈیا سے مواد حذف کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے، نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اگر معافی نہ مانگی گئی تو عدالت میں کاروائی کا حق رکھتے ہیں


قانونی نوٹس مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو کی جانب سے ان کے وکلا صاحِبزادہ محمد عامر حبیب، رانا محمد عبدالـحفیظ اور شیخ ایم نعیم مظہر ایڈووکیٹس ہائی کورٹ کے ذریعے جاری کیا گیا ہے۔قانونی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ مرکزی مسلم لیگ الیکشن کمیشن آف پاکستان میں باقاعدہ رجسٹرڈ سیاسی جماعت ہے اور 2022ء سے ملک میں سیاسی و فلاحی سرگرمیاں انجام دے رہی ہے۔ مرکزی مسلم لیگ کو ملک کے جمہوری اور انتخابی عمل میں حصہ لینے کا قانونی حق حاصل ہے۔عظمیٰ بخاری نے اپنے ذاتی سوشل میڈیا اکاؤنٹ ایکس پر بیان جاری کیا اور الیکٹرانک میڈیا پر بھی بیانات دیے، جنہیں اے آر وائی، جیو، بول اور دیگر نیوز چینلز پر بار بار نشر کیا گیا۔ ان بیانات میں مرکزی مسلم لیگ کو مبینہ طور پر ’’دہشت گرد جماعت‘‘، ’’غیر قانونی جماعت‘‘ اور ’’کالعدم جماعت‘‘ قرار دیا گیا، جو جھوٹے، بے بنیاد، توہین آمیز اور ہتکِ عزت کے زمرے میں آتے ہیں ،مرکزی مسلم لیگ قدرتی آفات اور سیلاب کے دوران غریبوں، مستحق افراد اور بیواؤں کی مدد کے لیے فلاحی کیمپ قائم کرتی رہی ہے۔ تعلیم، صحت، صاف پانی کی فراہمی اور دیگر بنیادی ضروریات زندگی سے متعلق متعدد فلاحی منصوبے بھی چلا رہی ہے۔

نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ مرکزی مسلم لیگ نے 2024ء کے عام انتخابات میں اپنے انتخابی نشان ’’کرسی‘‘ کے تحت حصہ لیا اور عوامی سطح پر اپنی سیاسی حیثیت منوائی۔ مرکزی مسلم لیگ نے 8 نومبر 2026ء کو حلقہ این اے 77 گوجرانوالہ کے ضمنی انتخابات میں دوسری بڑی جماعت ہونے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔ کسی قانونی طور پر رجسٹرڈ سیاسی جماعت کو بغیر کسی قانونی اور مستند بنیاد کے دہشت گرد تنظیم قرار دینا انتہائی سنگین الزام ہے، جس سے جماعت کی قیادت، عہدیداران، کارکنان، حامیوں اور وابستہ افراد کی عزت، وقار، ساکھ اور عوامی حیثیت متاثر ہوتی ہے۔ آزادی اظہارِ رائے ہر شہری کا بنیادی حق ہے، تاہم اس حق کے تحت کسی فرد یا قانونی طور پر تسلیم شدہ سیاسی جماعت کے خلاف جھوٹے، بدنیتی پر مبنی اور ساکھ کو نقصان پہنچانے والے الزامات عائد کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ ایسے اقدامات پاکستان کے مروجہ قوانین کے تحت دیوانی اور فوجداری کارروائی کا باعث بن سکتے ہیں۔

قانونی نوٹس میں عظمیٰ بخاری سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ مرکزی مسلم لیگ کے خلاف مزید کسی قسم کے ہتک آمیز یا توہین آمیز بیانات دینے، شائع کرنے اور پھیلانے سے فوری طور پر باز رہیں۔ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور دیگر ذرائع پر موجود تمام متنازعہ پوسٹس، ویڈیوز، تبصرے اور مواد حذف کیے جائیں، مرکزی مسلم لیگ کو دہشت گرد اور کالعدم قرار دینے کے الزامات عوامی سطح پر واپس لیے جائیں اور اسی پلیٹ فارم کے ذریعے جماعت، اس کی قیادت، کارکنان اور حامیوں سے غیر مشروط تحریری و عوامی معذرت کی جائے۔عظمیٰ بخاری آئندہ ایسے بیانات نہ دینے کی تحریری یقین دہانی کروائیں اور متنازعہ بیانات سے متعلق تمام ریکارڈ، پیغامات، ویڈیوز اور دیگر مواصلاتی مواد محفوظ رکھیں۔

قانونی نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ پیکا ایکٹ کے تحت وضع کردہ اخلاقی ضابطے کی مبینہ خلاف ورزی پر این سی سی آئی اے سے بھی رجوع کیا جائے گا، عظمیٰ بخاری کے بیانات سے مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو کی عزت، وقار اور ساکھ کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچا ہے۔ اس نقصان کے ازالے کے لیے پانچ ارب روپے بطور ہرجانہ مقرر کیے گئے ہیں، جس کے حصول کے لیے قانونی کارروائی کی جائے گی۔نوٹس میں عظمیٰ بخاری کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ نوٹس موصول ہونے کے سات روز کے اندر تمام مطالبات پر عمل درآمد کریں، بصورت دیگر ان کے خلاف مجاز عدالتوں میں قانونی کارروائی شروع کی جائے گی اور اس کے تمام اخراجات و نتائج کی ذمہ داری ان پر عائد ہوگی۔