شائقین کرکٹ کے لئے خوشخبری، پی ایس ایل کے شیڈول کا محسن نقوی نے کیا اعلان

لاہور: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی زیرِ صدارت ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کی گورننگ کونسل کا اہم اجلاس ہوا، جس میں پی ایس ایل 12 کے شیڈول، کھلاڑیوں کی ڈائریکٹ سائننگ اور پلیئر آکشن سمیت مختلف امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی، سی ای او پی ایس ایل سلمان نصیر اور فرنچائزز کے نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 12 کے لیے کھلاڑیوں کی ڈائریکٹ سائننگ 23 اکتوبر سے 23 نومبر تک ہوگی۔ ہر فرنچائز ایک مارکی کھلاڑی کو براہِ راست سائن کر سکے گی، تاہم اس کے لیے ضروری ہوگا کہ متعلقہ کھلاڑی نے پی ایس ایل کے گزشتہ دو سیزنز میں شرکت نہ کی ہو۔اجلاس میں بتایا گیا کہ پی ایس ایل 12 کے پلیئر آکشن کا انعقاد 23 جنوری کو ہوگا، جبکہ ایونٹ کا آغاز 18 مارچ سے ہوگا اور مقابلے 2 مئی تک جاری رہیں گے۔ پی ایس ایل 12 کے میچز ملک کے پانچ سے چھ شہروں میں منعقد کیے جائیں گے۔ایچ بی ایل پی ایس ایل کی کرکٹ ورکشاپ آئندہ ہفتے منعقد ہوگی، جبکہ پی ایس ایل سے قبل نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے گولڈ اور سلور ایونٹس بھی کرائے جائیں گے۔
اس موقع پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل پاکستان میں کرکٹ کا سب سے بڑا اسٹیج ہے۔ پی ایس ایل کے گیارہویں سیزن کا اختتام ریکارڈ تعداد میں تماشائیوں کی موجودگی میں ہوا اور اب گزشتہ سیزن کی کامیابی کے تسلسل کو آگے بڑھایا جائے گاانہوں نے کہا کہ اس مرتبہ پی ایس ایل کو مزید شہروں تک لے کر جائیں گے تاکہ ملک کے مختلف علاقوں میں کرکٹ کے شائقین کو مقابلے دیکھنے کا موقع مل سکے۔سی ای او پی ایس ایل سلمان نصیر نے کہا کہ آج سے ہر فرنچائز کی پی ایس ایل 12 کے لیے بہترین اسکواڈ تشکیل دینے کی دوڑ شروع ہوگئی ہے۔





