ڈاکٹر حافظ مسعود اظہر کا مالدیپ کے صدر کے تین روزہ دورہ پاکستان کا خیرمقدم

لاہور ( )پاکستانی اسلامک کونسل کے چیئرمین اور جامعہ سعیدیہ سلفیہ کے پرنسپل ڈاکٹر حافظ مسعود اظہر نے مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو کے تین روزہ سرکاری دورہ پاکستان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور مالدیپ کے تعلقات اخوتِ اسلامی، باہمی اعتماد اور دیرینہ دوستی کے مضبوط رشتوں پر قائم ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید وسعت دینا وقت کی اہم ضرورت ہے اور صدرِ مالدیپ کا دورہ اس حوالے سے اہم پیش رفت ثابت ہو سکتا ہے۔ مالدیپ پاکستان کا مخلص، آزمودہ اور دیرینہ دوست ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان اسلامی اخوت، سفارتی تعاون اور باہمی احترام مشترکہ تعلقات کی بنیاد ہیں۔ امید ہے کہ اس دورے کے نتیجے میں سیاسی، تعلیمی، معاشی شعبوں میں تعاون کے نئے امکانات پیدا ہوں گے اور دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ ڈاکٹر حافظ مسعود اظہر نے کہا کہ مالدیپ اپنی اسلامی شناخت اور دینی تشخص کے حوالے سے خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔ اس ملک کی قومی زندگی میں اسلام بنیادی حیثیت رکھتا ہے جبکہ اس کے آئینی اور قانونی نظام میں بھی اسلامی شناخت کو نمایاں مقام حاصل ہے۔ پاکستان کو چاہیے کہ وہ مالدیپ کے تجربات کا علمی اور تحقیقی مطالعہ کرے اور دونوں ممالک کے درمیان دینی و تعلیمی تعاون کو فروغ دے۔ انہوں نے پاکستان کی دینی جامعات بالخصوص جامعہ سلفیہ فیصل آباد میں تعلیم حاصل کرنے والے مالدیپی طلبہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ جامعہ سلفیہ فیصل آباد سے فارغ التحصیل مالدیپی علما اور طلبہ اپنے وطن میں تدریس، دینی رہنمائی، عدلیہ اور سرکاری شعبوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان علمی روابط، ثقافتی ہم آہنگی اور دوستانہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ پاکستان اور مالدیپ کو اعلی تعلیم، تحقیق، اسلامی علوم، عدالتی تربیت، تجارت اور سفارتی روابط کے شعبوں میں مشترکہ اقدامات کرنے چاہییں۔ دونوں ممالک کی قیادت اس دورے کو محض رسمی سفارتی سرگرمی تک محدود رکھنے کے بجائے دیرپا تعاون اور مشترکہ ترقی کے ایک موثر موقع میں تبدیل کرے تاکہ دونوں برادر اسلامی ممالک کے تعلقات نئی بلندیوں سے ہمکنار ہو سکیں۔




