امریکی محکمہ ڈاک کے ساتھ 35 ارب روپے کا آن لائن فراڈ کرنے والا ملزم لاہور سے گرفتار

این سی سی آئی اے نے لاہور میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے 35 ارب روپے مالیت کے جعلی امریکی ٹکٹ آن لائن فروخت کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا ملزم پر اس کی عدم موجودگی میں کچھ دن قبل فلوریڈا کی عدالت نے فرد جرم عائد کی تھی۔
ترجمان نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے مطابق جعلی امریکی ڈاک ٹکٹ فروخت کرنے والا مرکزی ملزم فہیم اکرم 2023 سے جعلی ویب سائٹ کے ذریعے ٹکٹ فروخت کر رہا تھا اور اب تک 50 لاکھ سے زائد جعلی ڈاک ٹکٹ فروخت کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ فراڈ کے لیے خاندان کے 16 بینک اکاؤنٹس استعمال کیے گئے، ملزم کی گرفتاری کے لیے 10 روز تک خصوصی لوکیٹر آپریشن جاری رہا، 47 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی اور 122 کال ریکارڈز کا تجزیہ کیا گیا۔
ترجمان این سی سی آئی اے نے بتایا کہ ایڈیشنل ڈائریکٹر عاطف امیر کی نگرانی میں 8 خصوصی ٹیموں نے کارروائی کی، پنجاب، اسلام آباد اور سندھ میں 35 مقامات پر چھاپے مارے، اس حوالے سے مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات جاری ہیں۔



