بدھ، 28 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

حارث رؤف پر میچ فیس کا 20 فیصد جرمانہ، ایک ڈی میرٹ پوائنٹ

Haris-Rauf

پاکستان کے فاسٹ بولر حارث رؤف کو لاہور میں اتوار کے روز انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سہ ملکی سیریز کے میچ کے دوران آئی سی سی کے ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی پر میچ فیس کا 20 فیصد جرمانہ عائد کر دیا گیا-


انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے حارث رؤف کے تادیبی ریکارڈ میں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی شامل کر دیا۔ انہیں کھلاڑیوں اور معاون عملے کے لیے ضابطۂ اخلاق کے آرٹیکل 2.2 کے تحت لیول ون کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا گیا۔


یہ 24 ماہ کے دوران حارث رؤف کی تیسری تادیبی خلاف ورزی ہے، جس کے بعد ان کے مجموعی ڈی میرٹ پوائنٹس کی تعداد 5 ہو گئی ہے,و اقعہ پاکستان کی اننگز کے 46ویں اوور کے اختتام پر پیش آیا، جب نان اسٹرائیکر اینڈ پر موجود حارث رؤف نے وائیڈ بال کی اپیل کی اور اس کے بعد انگلینڈ کے آل راؤنڈر ول جیکس کے ساتھ تلخ جملوں کا تبادلہ شروع ہو گیا۔


دورانِ بحث حارث رؤف نے اپنا بلا اٹھایا اور امپائر شرف الدولہ ابن شاہد کی تنبیہ کے باوجود ول جیکس کے ساتھ الجھتے رہےبعد ازاں انگلش آل راؤنڈر کی جانب بڑھتے ہوئے وہ امپائر کے قریب سے گزرے، جس کے بعد میچ آفیشلز نے ان کے خلاف تادیبی کارروائی کی۔


اسی میچ میں انگلینڈ کی ٹیم کو سست اوور ریٹ پر میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ بھی کیا گیا، آئی سی سی کے مطابق انگلش ٹیم مقررہ وقت میں 3 اوورز کم کر سکی، جبکہ قابلِ اطلاق اضافی وقت کو بھی مدنظر رکھا گیا,آئی سی سی کے ضابطۂ اخلاق کے آرٹیکل 2.22 کے تحت مقررہ وقت میں ہر اوور کم کرنے پر کھلاڑیوں پر ان کی میچ فیس کا 5 فیصد جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔


حارث رؤف اور انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک نے اپنی اپنی خلاف ورزیوں کا اعتراف کرتے ہوئے آئی سی سی ایلیٹ پینل آف میچ ریفریز کے جیف کرو کی جانب سے تجویز کردہ سزائیں قبول کر لیں، اس لیے باقاعدہ تادیبی سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔


حارث رؤف اور انگلینڈ کے خلاف الزامات آن فیلڈ امپائرز راشد ریاض اور شرف الدولہ ابن شاہد، تھرڈ امپائر وین نائٹس اور فورتھ امپائر ناصر حسین نے عائد کیے تھے۔