پی ٹی آئی رہنماؤں کی اہم شخصیت سے ملاقات کے بعد عمران خان کو جیل سے نجی اسپتال منتقل کیے جانے کا امکان ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو آئندہ دنوں میں پمز اسپتال کے بجائے ایک نجی اسپتال منتقل کیا جاسکتا ہے، اس سلسلے میں متعلقہ نجی اسپتال کی انتظامیہ کو بھی مطلع کردیا گیا ہے، تاہم انہیں کتنے عرصے کے لیے اسپتال میں رکھا جائے گا، اس بارے میں فی الحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔
ذرائع کے مطابق 9 نومبر کو بیرسٹر گوہر، سینیٹر علی ظفر اور سلمان صفدر نے ایک اہم عدالتی شخصیت سے ملاقات کی تھی۔ اس نشست میں عمران خان کی صحت اور ان تک رسائی کے معاملے پر بات چیت ہوئی۔ بتایا گیا ہے کہ اسی ملاقات کے بعد گزشتہ روز دو وکلا کو بانی پی ٹی آئی سے ملنے کی اجازت دینے کے احکامات جاری کیے گئے۔
رپورٹ کے مطابق ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ عمران خان کو گزشتہ رات پمز اسپتال لے جانے کا فیصلہ بھی اسی رابطے کے بعد سامنے آیا بیر سٹر گوہر خان اس منتقلی کے معاملے سے پہلے ہی آگاہ تھے اب نجی اسپتال منتقلی کےامکان پر بھی پیشرفت ہورہی ہے، تاہم قیام کی مدت کے بارے میں کچھ کہنا ابھی قبل از وقت ہے۔
بشریٰ بی بی کی طبی صورت حال کے حوالے سے بھی پیشرفت ہوئی ہے اور انہیں چند روز میں اسپتال منتقل کیے جانے کا امکان ہے,ذرائع کے مطابق پروفیسر ڈاکٹر ندیم قریشی کی بیرون ملک سے واپسی کے بعد بشریٰ بی بی کا مکمل طبی معائنہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بیرسٹر سلمان صفدر اور لطیف کھوسہ کی عمران خان سے ملاقات ہوئی تھی، جس میں ذرائع کے مطابق گفتگو صرف قانونی اور سیاسی امور تک محدود رہی۔






