منگل، 13 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

وزیراعظم کی دانش آئی ٹی پارک اسلام آباد کو عالمی معیار کا ٹیکنالوجی مرکز بنانے کی ہدایت


وزیراعظم شہباز شریف نے دانش آئی ٹی پارک اسلام آباد کو عالمی معیار کا ٹیکنالوجی مرکز بنانے اور منصوبے کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرانے کی ہدایت کردی۔


وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق شہباز شریف کی زیر صدارت دانش آئی ٹی پارک اسلام آباد سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا، جس میں آئی ٹی برآمدات بڑھانے اور شعبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے جامع نظام کی تشکیل پر بریفنگ دی گئی۔


وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور مالیاتی ٹیکنالوجی کے شعبوں میں جدید مہارتیں فراہم کرنے اور آئی ٹی کاروباری افراد کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے کا سفر جاری رکھا جائے گا۔


انہوں نے ہدایت کی کہ دانش آئی ٹی پارک کو تعلیمی اداروں اور صنعت کے مؤثر اشتراک سے جدید آئی ٹی نظام کا مرکز بنایا جائے اور عالمی ٹیکنالوجی کمپنیوں کی شراکت داری سے یہاں آپریشنز شروع کیے جائیں,وزیراعظم نے وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی کو دانش آئی ٹی پارک منصوبے کا جامع جائزہ لینے اور کیس اسٹڈی تیار کرنے کی بھی ہدایت کی۔


اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کے تحت 50 نجی عمارتوں کو سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس میں اپ گریڈ کیا جا چکا ہے، جبکہ ملک میں اسٹارٹ اپس کی معاونت کے لیے 8 انکیوبیشن سینٹرز قائم کیے گئے ہیں۔


بریفنگ میں بتایا گیا کہ آئی ٹی ماہرین کو سہولتیں فراہم کرنے کے لیے 105 مشترکہ کام کی جگہیں فعال ہیں۔ دانش آئی ٹی پارک اسلام آباد میں آپریشنز شروع کرنے کے لیے عالمی ٹیکنالوجی کمپنیوں سے رابطے بھی کیے جا رہے ہیں۔


اجلاس میں وفاقی وزرا مصدق مسعود ملک، احد خان چیمہ، عطا اللہ تارڑ، شزہ فاطمہ خواجہ، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی اور اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی-