پیر، 19 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

اقرار الحسن عدالتی تحویل پر جیل منتقل


اقرار الحسن عدالتی تحویل پر جیل منتقل کر دیا گیا-


کراچی کی جوڈیشل مجسٹریٹ- 1 (شرقی) کی عدالت نے پیکا (PECA) ایکٹ کے تحت درج مقدمے میں گرفتار اینکر اور صحافی سید اقرار الحسن کو مزید جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے 26 اکتوبر 2026 تک جوڈیشل ریمانڈ پر سینٹرل جیل کراچی بھیجنے کا حکم دے دیا ہے۔


اقرار الحسن کے خلاف سائبر کرائم تھانہ این سی سی آئی اے کراچی میں مقدمہ (FIR No. 101/2026) پیکا ایکٹ (امینڈڈ 2025) کی دفعات 9، 10، 20، 24 اور 26-A کے تحت 10 اکتوبر 2026 کو درج کیا گیا تھا۔


ملزم کو 12 اکتوبر 2026 کو گرفتار کیا گیا تھا اور ان کا ابتدائی 6 روز کا جسمانی ریمانڈ مکمل ہو چکا تھا۔ تفتیشی افسر رانا ایم فیصل ایم خان، اسسٹنٹ ڈائریکٹرNCCIA)) کی جانب سے عدالت سے مزید 8 دن کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی تاکہ رقم، ڈیجیٹل آلات اور دیگر متعلقہ اداروں (مثلاً نادرا اور بینکس) کے ریکارڈ کی تفتیش مکمل کی جا سکے۔


پولیس رپورٹ کے مطابق ملزم پر الزام ہے کہ انہوں نے 10 اکتوبر 2026 کو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس (ایکس/ٹویٹر، انسٹاگرام، فیس بک) کے ذریعے ایک متنازع ویڈیو شیئر کی، جس کا مقصد عوام کو ریاست اور اس کے اداروں کےخلاف ورغلانا اور گمراہ کن و من گھڑت مواد کے ذریعے عوام میں بے چینی پھیلا نا تھا۔


عدالت نے اقرار الحسن کو 26 اکتوبر 2026ء تک جوڈیشل کسٹڈی پر سینٹرل جیل کراچی منتقل کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے تفتیشی افسر کو مقررہ وقت میں تفتیش مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔