وزیراعلیٰ مریم نواز کا سالک حسین کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا اعلان

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کو پنجاب حکومت پر کرپشن کے الزامات عائد کرنے پر ہرجانے کا نوٹس بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اٹک میں طلبہ و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ماضی کی حکومتوں کا رونا دھونے یا الزام تراشی کے بجائے عوام کے مسائل کے عملی حل پر یقین رکھتی ہیں میں یہاں آپ کے مسائل حل کرنے آئی ہوں آپ نے کبھی میرے منہ سے یہ نہیں سنا ہوگا کہ پچھلے یہ کر گئے یا اس سے پچھلے وہ کر گئے، اس لیے میں کچھ نہیں کر سکتی، سیاسی طور پر بھڑکانے کی کوششوں کے باوجود بچوں نے تعلیم کا راستہ نہیں چھوڑا، جس پر وہ ان کا شکریہ ادا کرتی ہیں۔
اپنے خلاف ہونے والے آن لائن اور سیاسی پراپیگنڈے پر تبصرہ کرتے ہوئے مریم نواز شریف نے کہا کہ محبت کرو تو ایسے کرو اور دل کا رشتہ جوڑو تو ایسے جوڑو کہ لوگ کہیں یہ سب کچھ مینیجڈ ہے، اور کام کرو تو ایسے کرو کہ جب اس کی ویڈیوز لگاؤ تو لو گ کہیں یہ تو آ رٹیفیشل انٹیلیجنس سے بنائی گئی ہیں،جب بچے ان کے پاس آکر گلے لگ کر روتے ہیں اور وجہ دریافت کرنے پر کہتے ہیں کہ وہ صرف ملاقات کی خوشی میں رو رہے ہیں، تو یہ ان کے لیے انتہائی جذباتی لمحہ ہوتا ہے۔
پنجاب حکومت پر کرپشن کے الزامات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز نے وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کے الزامات کو تمام تر لغو اور جھوٹا قرار دیتے ہوئے قانونی چارہ جوئی کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا ’پنجاب میں کرپشن کے الزامات نہیں سنوں گی چوہدری سالک کو ہرجانے کا نوٹس بھجواؤں گی۔ اگر ان کے پاس کوئی ثبوت ہے تو سامنے لائیں، ورنہ میں انہیں عدالت میں لے کر جاؤں گی۔ اگر یہ حکومت اتنی ہی کرپٹ ہے تو وہ اس کا حصہ بن کر وزیر کیوں بیٹھے ہوئے ہیں؟-
انہوں نے گجرات کی سابقہ حکومت اور گجرات شہر کی ابتر صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اصل تکلیف کرپشن کی نہیں بلکہ ان کی مرضی کا ڈپٹی کمشنر (DC) نہ لگائے جانے کی ہے،طلبہ سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ وہ محض لیپ ٹاپس اور اسکالرشپس تقسیم کرنے نہیں آئیں، بلکہ ایک ماں کی حیثیت سے بچوں کی کامیابیوں کا ان کے ساتھ مل کر جشن منانے آئی ہیں۔
مزید پڑھیں




