نوابشاہ: سود کی ادائیگی کے لیے ماں کا اپنے 4 بچوں کو فروخت کرنے کا اعلان

نواب شاہ میں مبینہ سود خوری سے پریشان ایک خاتون نے اپنے قرض کی رقم ادا کرنے کے لیے اپنے چار بچوں کو فروخت کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سندھ کے ضلع نواب شاہ کی تحصیل قاضی احمد میں متاثرہ خاتون شمشاد بی بی نے مقامی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ایک مبینہ سود خور انور شاہ لکھیاری ان سے 20 لاکھ روپے کا مطالبہ کر رہا ہے، جس کی ادائیگی ان کے پاس موجود وسائل سے ممکن نہیں رہی۔
شمشاد بی بی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مبینہ سود خور کی جانب سے مسلسل دباؤ اور رقم کے مطالبے کے باعث وہ اپنے بچوں کو فروخت کرنے جیسے انتہائی اقدام پر مجبور ہو چکی ہیں،ان کے شوہر اللہ رکھیو کھوکھر کو بھی مبینہ طور پر پولیس کی مدد سے لاپتا کروا دیا گیا ہے، جس کی وجہ سے ان کا خاندان شدید مالی اور نفسیاتی بحران کا شکار ہو چکا ہے۔
متاثرہ خاتون نے پریس کانفرنس کے دوران حکومت اور اعلیٰ حکام سے فوری مداخلت کی اپیل کی، انہوں نے وزیر داخلہ سندھ، انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ اور ڈی آئی جی شہید بینظیر آباد سے مطالبہ کیا کہ ان کے لاپتا شوہر کو فوری طور پر بازیاب کرایا جائے، مبینہ سود خور کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور ان کے خاندان کو تحفظ فراہم کرتے ہوئے انصاف فراہم کیا جائے۔
مزید پڑھیں



