جنوبی افریقا میں تین ماہ کے دوران تقریباً 600 خواتین قتل

جنوبی افریقا میں خواتین کے قتل کے واقعات میں تشویش ناک صورتحال سامنے آئی ہے، جہاں رواں سال جولائی سے ستمبر کے دوران تقریباً 600 خواتین کو قتل کر دیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنوبی افریقا کے محکمہ پولیس کی جانب سے جمعے کو جاری کردہ تازہ جرائم کے اعداد و شمار میں انکشاف کیا گیا ہے کہ تین ماہ کے دوران ملک بھر میں 581 خواتین قتل ہوئیں، جن میں سے 131 کا تعلق صوبہ گاؤتینگ سے ہے، جہاں جوہانسبرگ بھی واقع ہے۔رپورٹ کے مطابق قتل ہونے والی خواتین میں وہ 13 خواتین بھی شامل ہیں جن کی نیم برہنہ اور تشدد زدہ لاشیں رواں سال کے دوران جوہانسبرگ اور اس کے گردونواح میں مختلف عوامی مقامات سے برآمد ہوئی تھیں۔ ان واقعات نے پورے ملک میں غم و غصے کی لہر دوڑا دی تھی اور پولیس کو ملزمان کی گرفتاری کے لیے شدید دباؤ کا سامنا کرنا پڑا۔پولیس کے اعداد و شمار کے مطابق اسی عرصے میں ملک بھر میں قتل کے 5 ہزار 590 واقعات رپورٹ ہوئے، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 204 کم ہیں۔ تاہم اس کے باوجود جنوبی افریقا میں روزانہ اوسطاً 60 افراد قتل ہو رہے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ خواتین کے قتل کی شرح میں اضافے یا کمی کا گزشتہ اعداد و شمار سے تقابلی تعین ممکن نہیں، کیونکہ پولیس نے اعداد و شمار میں نمایاں بے ضابطگیوں کے باعث کچھ عرصے سے خواتین کے قتل کے الگ اعداد و شمار جاری کرنا بند کر دیے تھے۔
دوسری جانب صوبہ گاؤتینگ کے پولیس سربراہ جنرل ٹومی متھومبینی نے بتایا ہے کہ 13 خواتین کے قتل کے واقعات میں اب تک 8 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ ان میں سے 3 گرفتاریاں 38 سالہ الزبتھ موزیلاکوگومو کے قتل سے متعلق ہیں، جو روزانہ دوڑ لگانے کی عادی تھیں اور 12 ستمبر کو ان کی تشدد زدہ اور جزوی طور پر ملبوس لاش برآمد ہوئی تھی۔اسی طرح 33 سالہ جابولیلے نتیمبا کی لاش 17 ستمبر کو بوکسبرگ کے علاقے میں سڑک کنارے ایک چادر میں لپٹی ہوئی ملی تھی، جبکہ ایک اور خاتون نتومبوفوتھی نکسومالو کی لاش قبرستان سے برآمد ہوئی تھی۔ ان کے سر پر شدید چوٹیں موجود تھیں۔رپورٹ کے مطابق جولائی میں بھی بسسیوے ماہلانگو نامی خاتون کی لاش کیمپٹن پارک سے ملی تھی، جو ان 13 خواتین میں پہلی خاتون تھیں جن کی لاشیں اس علاقے سے برآمد ہوئی تھیں۔
جنوبی افریقا کے صدر سیرل رامافوسا نے ستمبر میں ان واقعات میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ کسی بھی پہلو کو نظرانداز نہیں کیا جائے گا۔ صدر گزشتہ سال خواتین کے خلاف تشدد کو قومی آفت قرار دے چکے ہیں۔
ادھر صوبہ فری اسٹیٹ میں رواں ہفتے فائرنگ کے ایک اور واقعے میں پانچ خواتین اور ایک کمسن بچے کو قتل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق بدھ کی شب بوٹشابلو ٹاؤن شپ میں تین نقاب پوش مسلح افراد ایک گھر میں داخل ہوئے اور اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ حملہ آور مبینہ طور پر گھر کے مالک کو تلاش کر رہے تھے، تاہم اس کی عدم موجودگی پر انہوں نے گھر میں موجود افراد کو نشانہ بنایا۔فائرنگ کے نتیجے میں گھر کے مالک کی اہلیہ بھی پیٹ میں گولی لگنے سے زخمی ہوئیں جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا، جبکہ واقعے میں ملوث ملزمان تاحال گرفتار نہیں ہو سکے۔
جنوبی افریقا میں خواتین اور بچوں کے خلاف تشدد کی روک تھام اور شہریوں کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے۔





