آسٹریا میں پاکستانی شہری عابد گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے

آسٹریا کے شہر گراس کے قریب واقع گاؤں گلائس ڈورف میں پاکستانی شہری عابد تنویر اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، تاہم ان کی موت کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی۔
پولیس کی فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق 12 نومبر کو عابد تنویر کے گھر کا دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوا گیا تو وہ مردہ حالت میں پائے گئے۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق ان کی موت 7 یا 8 نومبر کو واقع ہوئی تھی۔ذرائع کے مطابق عابد تنویر کے ہمسایوں نے گھر سے بدبو آنے پر پولیس کو اطلاع دی تھی، جس کے بعد پولیس نے موقع پر پہنچ کر گھر کا دروازہ توڑا اور اندر سے ان کی لاش برآمد کی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ موت کی اصل وجہ جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
عابد تنویر کا تعلق پاکستان کے ضلع منڈی بہاؤالدین سے تھا اور وہ گزشتہ 17 سے 18 سال سے آسٹریا میں مقیم تھے۔ انہیں موت سے چند روز قبل، 5 نومبر کو آسٹریا کا ویزا ملا تھا اور وہ پاکستان واپس آ کر اپنے آبائی علاقے منڈی بہاؤالدین جانے کی تیاری کر رہے تھے۔دوسری جانب پاک تدفین کمیٹی کے خادمِ اعلیٰ حاجی ملک محمد آمین اعوان نے عابد تنویر کی میت پاکستان منتقل کرنے کے لیے پاکستانی کمیونٹی سے مالی تعاون کی اپیل کی ہے، تاکہ مرحوم کی میت کو وطن پہنچا کر ان کی تدفین آبائی علاقے میں کی جا سکے۔





