ترکیہ کا جدید سیسمک ریسرچ جہاز تیل و گیس کی تلاش کے لیے کراچی پہنچ گیا

پاکستان اور ترکیہ کے درمیان سائنسی، معدنیاتی اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کے نئے امکانات پیدا ہوگئے، ترکیہ کا جدید سیسمک ریسرچ جہاز ’اورُچ رئیس‘ سمندری حدود میں تیل و گیس کی تلاش کے لیے کراچی پہنچ گیا۔
اس موقع پر منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ترکیہ کے تعاون کو نئی اسٹریٹجک شراکت داری قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ سیسمک سروے کسی بڑی دریافت کی ضمانت نہیں دے سکتا، تاہم اس کے بغیر مستقبل میں تیل و گیس کی کوئی دریافت ممکن نہیں۔ اس منصوبے کو وسیع تر قومی وژن کے تناظر میں دیکھنے کی ضرورت ہے۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے ترک ریسرچ جہاز کی پاکستان آمد کو توانائی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کی جانب ایک عملی قدم قرار دیا۔
ترکیہ کا جدید سیسمک ریسرچ جہاز مکران کے ساحلی علاقے میں کیکڑا اور سمندری حدود میں تھری ڈی سروے کرے گا، جس کے ذریعے زیرِ سمندر تیل و گیس کے ذخائر کی نشاندہی میں مدد ملے گی۔
اس موقع پر معدنیات کی تلاش اور توانائی کے شعبے میں تعاون سمیت تین مفاہمتی یادداشتوں پر بھی دستخط کیے گئے۔
تقریب کے دوران نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ترک وزیر توانائی کو یادگاری سووینئر بھی پیش کیا۔





