سان فرانسسکو میں پاک امریکا ٹیک کنیکٹ 2026 کا انعقاد

امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ پاکستانی امریکی کمیونٹی دوطرفہ پاک-امریکہ تعلقات کے فروغ اور وطنِ عزیز کی ترقی میں انتہائی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
امریکی شہر سان فرانسسکو کی سلیکون ویلی میں پاک امریکا ٹیک کنیکٹ 2026 کا کامیاب انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستانی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے نمائندوں، صنعت کاروں، کاروباری شخصیات اور دیگر شراکت داروں نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب میں پاکستان اور امریکا کے درمیان ٹیکنالوجی، جدت، ڈیجیٹل شعبے اور سرمایہ کاری میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
گریٹر سان فرانسسکو ایریا میں پاکستانی امریکی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے رضوان سعید شیخ نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے دیرینہ اور اہم تعلقات کو مزید استوار اور مضبوط بنانے میں مقیم پاکستانیوں کی خدمات قابل ستائش ہیں-
انہوں نے بتایا کہ پاک امریکا ٹیک کنیکٹ 2026 کے تیسرے ایڈیشن کا آغاز سان فرانسسکو کی سلیکون ویلی سے کیا گیا ہے، جبکہ اس مرتبہ یہ کانفرنس مزید 3 امریکی شہروں میں بھی منعقد کی جا رہی ہے۔
سفیر پاکستان کے مطابق ٹیکنالوجی، جدت اور ڈیجیٹل کاروباری سرگرمیوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کے لیے آئندہ کانفرنسیں بالترتیب 19 اکتوبر کو ڈیلاس، 21 اکتوبر کو واشنگٹن ڈی سی اور 23 اکتوبر کو شکاگو میں منعقد ہوں گی۔
سفیر رضوان سعید شیخ نے اس بات پر زور دیا کہ پاک-امریکہ تعلقات میں بہتری کے موجودہ مثبت رجحان کو باہمی مفاد پر مبنی اقتصادی شراکت داری کے فروغ کے لیے بروئے کار لایا جانا چاہیے۔
https://x.com/PTVNewsOfficial/status/2111392031390273641?s=20
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تجارت، سرمائہ کاری اور کاروباری شراکت داری کے وسیع مواقع موجود ہیں، خاص طور پر انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت بڑھا نے کے بے پناہ مواقع موجود ہیں ۔
انہوں نے پاکستانی برادری پر زور دیا کہ وہ اپنے پیشہ ورانہ اور کاروباری روابط کو استعمال کرتے ہوئے پاکستان میں سرمایہ کاری کے نادرمواقع اجاگر کریں اور وطن سے اپنی دیرینہ وابستگی کو مضبوط اقتصاد ی شراکت داری اور پائیدار کاروباری روابط میں تبدیل کریں۔
رضوان سعید شیخ نے کہا ہماری نوجوان نسل ہمارا قیمتی اثاثہ ہے اور وہی ملک کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے سفیر پاکستان نے پاک-امریکہ کاروباری اداروں کے درمیان تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ سفارت خانہ پاکستان دونوں ممالک کے کاروباری اداروں اور پیشہ ور افرا د کے مابین روابط استوار کرنے اور تعاون کے فروغ کے لیے ہر ممکن معاونت فراہم کرے گا۔
https://x.com/PTVNewsOfficial/status/2111000925267697899?s=20
اس موقع پر پاکستان کی سرکردہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کمپنیوں نے اپنی کارکردگی اور سرگرمیوں سے متعلق معلومات پیش کیں، جبکہ امریکی مارکیٹ میں ٹیکنالوجی کے فروغ، کاروباری مواقع اور تجربات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
شرکا کے سامنے پاکستان کے تیزی سے ترقی کرتے ہوئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے، موجودہ ٹیکنا لوجی شراکت داریوں اور ڈیجیٹل سرمایہ کاری کے لیے ملک کی صلاحیتوں کو اجاگر کیا گیا, کانفرنس کے دوران ’پاکستان سےسلیکون ویلی تک: عالمی ٹیکنالوجی کمپنیوں کی تعمیر اور توسیع‘ کے موضوع پر ایک پینل مباحثہ بھی ہوا۔
مباحثے میں امریکی منڈی تک رسائی حاصل کرنے، بڑے کاروباری اداروں کو بطور صارف اپنی جانب متوجہ کرنے، عالمی سطح پر ٹیموں کی توسیع اور مصنوعی ذہانت سمیت دیگر ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز سے فائدہ اٹھانے کے طریقوں پر گفتگو کی گئی-





