پیر، 2 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

پاکستان اور بنگلہ دیش کادو طرفہ تعلقات صنعتی تعاون اور اقتصادی شراکت داری بڑھانے پر اتفاق


وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان اور بنگلہ دیش کے وزیر خزانہ و منصوبہ بندی راشد المحمود تیتومیر اور ان کے وفد کے درمیان ملاقات ہوئی-


ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات، صنعتی تعاون، برآمدات میں اضافے اور اقتصادی شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔


ہارون اختر خان نے بنگلہ دیشی وزیر اور ان کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان مشترکہ ثقافتی ورثے اور تاریخی روابط پر مبنی برادرانہ تعلقات قائم ہیں۔ انہوں نے پاکستانی عوام کی جانب سے مہمان وفد کا خیرمقدم کیا اور دوطرفہ روابط مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔


انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف علاقائی ممالک کے ساتھ تعلقات کے فروغ اور باہمی مفاد پر مبنی اقتصادی شراکت داری کو خصوصی اہمیت دیتے ہیں،حکومت سرمایہ کاری کے فروغ، صنعتی ترقی میں تیزی اورکاروباری ماحول کو بہتر بنانے کے لیےضابطہ جاتی اصلاحات متعارف کرا رہی ہے حکومت کا مقصد سرمایہ کاروں کے لیے غیر ضروری دفتری رکاوٹوں کے بجائے سہولت اور آسان کاروباری ماحو ل فراہم کرنا ہے۔


انہوں نے بنگلہ دیشی وفد کو آٹوموبائل اور صاف توانائی کے شعبوں میں پاکستان کے اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ملک میں پائیدار اور ماحول دوست ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے نئی انرجی وہیکل پالیسی متعارف کرائی گئی ہے۔


انہوں نے مزید بتایا کہ مقامی سطح پر لیتھیم آئن اور سوڈیم آئن بیٹریوں کی تیاری کو فروغ دینے کے لیے بیٹری انرجی اسٹوریج سسٹم پالیسی پر کام جاری ہے، جبکہ ملک بھر میں الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ انفراسٹرکچر کی تیز رفتار توسیع کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔


ہارون اختر خان نے سولر ٹیکنالوجی کے شعبے میں پاکستان کی پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ابھرتے ہوئے شعبے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تعاون کے لیے اہم مواقع فراہم کرتے ہیں۔


انہوں نے سولر ٹیکنالوجی، بیٹریوں کی تیاری، الیکٹرک گاڑیوں اور وسیع تر صنعتی ترقی کو دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے اہم شعبے قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ صنعتی شراکت داری، ٹیکنالوجی کی منتقلی، مشترکہ منصوبوں اور مصنوعات میں ویلیو ایڈیشن کے ذریعے دونوں ممالک باہمی فائدے کے مواقع تلاش کر سکتے ہیں۔


انہوں نے برآمدات پر مبنی اقتصادی ترقی، پیداواری صلاحیت میں اضافے، صنعتی پیداوار اور ویلیو ایڈیشن کو دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون مضبوط بنانے کے اہم ستون قرار دیا۔


اس موقع پر بنگلہ دیش کے وزیر خزانہ و منصوبہ بندی راشد المحمود تیتومیر نے پاکستان اور اس کے عوام کے لیے نیک جذبات کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک کے تعلقات کو برادرانہ قرار دیا، نے اپنے ملک کے اقتصادی تجربات سے آگاہ کیا اور مختلف معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے کیے گئے اقدامات پر رو شنی ڈالی۔


انہوں نے بتایا کہ بنگلہ دیش نے خرد اور مجموعی معاشی اشاریوں کو مستحکم کرنے کے لیے نمایاں کوششیں کی ہیں، جبکہ صنعتی ترقی اور مینوفیکچرنگ کے شعبے میں بھی بہتری حاصل کی ہے۔


انہوں نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان اقتصادی اور صنعتی تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے مضبوط روابط باہمی ترقی کے نئے مواقع پیدا کر سکتے ہیں۔