پاکستان اور مصر کی سعودی عرب پر حوثی حملوں کی مذمت
نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور مصری وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی کا ٹیلی فونک رابطہ ہوا،اس دوران دونوں رہنماؤں نے سعودی عرب پر حوثیوں کے حملوں کی سخت مذمت کی،اور سعودی عرب، پاکستان، مصر اور ترکیہ کے 4 ملکی گروپ کا اجلاس جلد بلانے پر زوردیا-
دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اتوار کو مصر کے وزیر خارجہ، بین الاقوامی تعاون اور بیرون ملک مقیم مصری شہریوں کے امور کے وزیر بدر عبدالعاطی سے ٹیلی فون پر گفتگو کی،دونوں رہنماؤں نے سعودی عرب کی خودمختاری اور سلا متی کی حمایت کا اعادہ کیا اور خطے کی تازہ صورت حال سمیت امن و استحکام پر اس کے ممکنہ اثرات کا جائزہ لیا۔
پاکستان اور مصر نے سعودی عرب پر حوثیوں کے حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے مملکت کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیےمکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے گفتگو کے دوران پاکستان، سعودی عرب، مصر اور ترکیہ پر مشتمل 4 ملکی گروپ کے تحت تعاون بڑھانے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے امید ظاہر کی کہ گروپ کا آئندہ اجلاس جلد منعقد ہوگا، جس سے چاروں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط بنانے اور علاقائی امور پر مشترکہ مؤقف اختیار کرنے میں مدد ملے گی۔





