ایشین گیمز میں پاکستانی والی بال ٹیم کو شدیدمشکلات کا سامنا

جاپان میں جاری ایشین گیمز 2026ء کے دوران پاکستانی والی بال ٹیم کو ناقص انتظامات کے باعث شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
قومی ٹیم کے کپتان مراد جہان نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک ویڈیو میں ٹورنامنٹ کے انتظامات پر شدید ناراضی کا اظہار کیا ہے،انہوں نے بتایا کہ ازبکستان کے خلاف اہم میچ سے پہلے بس ڈرائیور کو معلوم ہی نہیں تھا کہ ٹیم کو کس جمنازیم میں پہنچانا ہے اور وہ غلط راستے پر چلتے ہوئے کھلاڑیوں کو دوسرے جمنازیم لے گیا، جس کے باعث ٹیم کا قیمتی وقت ضائع ہوا، اس صورتِ حال میں کھلاڑیوں کو چلتی بس میں ہی اپنی کِٹ تبدیل کرنا پڑی، جبکہ میچ سے پہلے وارم اَپ کے لیے بھی مناسب وقت نہیں مل سکا۔
انہوں نے واقعے کو شرم ناک اور انتہائی مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے جاپان جیسے ملک سے ایسے انتظامات کی توقع نہیں تھی،غلط مقام پر پہنچائے جانے کا واقعہ کھلاڑیوں کو درپیش واحد مسئلہ نہیں ہے بلکہ بعض اوقات جب کھلاڑی ٹریننگ سیشن مکمل کر کے ہوٹل واپس پہنچتے ہیں تو ریسٹورنٹ بند ہو چکا ہوتا ہے اور انہیں کھانا نہیں ملتا،کھلاڑیوں کے ساتھ اس قسم کا سلوک قابلِ قبول نہیں۔
دوسری جانب پاکستان کے علاوہ دیگر ممالک کے کھلاڑیوں نے بھی ایشین گیمز میں رہائش، ٹرانسپورٹ اور کھانے کے انتظامات سے متعلق شکایات کی ہیں۔،ٹورنامنٹ کی انتظامی کمیٹی کے سیکریٹری جنرل ساتوشی موراتے نے انتظامی خامیوں پر معذرت کرتے ہوئے بتایا ہے کہ تقریباً 2 ہزار اضافی کھلاڑیوں اور آفیشلز کی آخری وقت میں آمد سے انتظامات پر دباؤ بڑھ گیا۔
مزید پڑھیں





