اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں مکمل ہیں، الیکشن کمیشن

الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ انتخابات کے لیے تمام انتخابی مٹیریل کی خریداری کا عمل مکمل ہوچکا ہے، جبکہ بیلٹ پیپرز کی پرنٹنگ کے انتظامات بھی مکمل ہیں۔-
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کو اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے انتخابی تیاریوں اور اب تک کیے گئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی،بریفنگ سیکریٹری الیکشن کمیشن اور دیگر سینئر افسران نے دی، جس میں چیف الیکشن کمشنر کو اسلام آباد کے بلدیاتی نظام، مختلف نشستوں پر انتخابات کے طریقہ کار، اب تک کیے گئے اقدامات اور آئندہ کے لائحہ عمل سے آگاہ کیا گیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ انتخابات کے لیے تمام انتخابی مٹیریل کی خریداری کا عمل مکمل ہوچکا ہے، جبکہ بیلٹ پیپرز کی پرنٹنگ کے انتظامات بھی مکمل ہیں،اس سلسلے میں سیکریٹری وزارت داخلہ، انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو ضروری انتخابی انتظا ما ت کے حوالے سے خطوط بھی ارسال کر دیے گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن حکام نے بتایا کہ کمیشن اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے پُرامن انعقاد کے لیے تیار ہے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے اب تک کیے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ 10 نومبر 2026 بروز منگل الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ میں ایک اجلاس طلب کیا جائے۔
اعلامیے کے مطابق اجلاس میں سیکریٹری وزارت داخلہ، چیف کمشنر اسلام آباد اور آئی جی اسلام آباد کو مدعو کیا جائے گا، جہاں وہ الیکشن کمیشن کو سیکیورٹی پلان اور دیگر انتظامی امور پر بریفنگ دیں گے اجلاس کا مقصد اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے پُرامن اور منظم انعقاد کے لیے انتظامات کا جائزہ لینا ہے۔
مزید پڑھیں



