لکسمبرگ ایئرپورٹ پر ڈرونز کی موجودگی، پروازیں عارضی طور پر معطل

لکسمبرگ کے ایئرپورٹ پر قریبی علاقے میں غیرمجاز ڈرونز کی پروازیں دیکھے جانے کے بعد پروازوں کا آپریشن مختصر وقت کے لیے معطل کردیا گیا۔
ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق ڈرونز کی موجودگی کے باعث پروازوں کی عارضی معطلی مسافروں، فضائی عملے، ایئرپورٹ ملازمین اور طیاروں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے احتیاطی اقدام کے طور پر کی گئی۔
ائیر پورٹ نے اپنی ویب سائٹ پر جاری ایک بیان میں کہا کہ "لکسمبرگ ہوائی اڈے پر پروازوں کا سلسلہ عارضی معطلی کے بعد بحال ہو گیا ہے،یہ معطلی ہوائی اڈے کے آس پاس اور بعد ازاں اس کی حدود کے اوپر غیر مجاز بغیر پائلٹ والے طیاروں (UAS) کی موجودگی کا پتہ چلنے کے باعث عمل میں آئی تھی۔
انتظامیہ نے بتایا کہ ایئرپورٹ کے اطراف اور بعد ازاں رن وے کے علاقے میں غیرمجاز بغیر پائلٹ طیارہ نظام (یو اے ایس) کی موجودگی کا پتا چلنے پر پروازیں روک دی گئی تھیں،بعد ازاں صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد ایئرپورٹ پر پروازوں کا آپریشن بحال کردیا گیا، تاہم انتظا میہ نے خبردار کیا ہے کہ صورتحال کے باعث فضائی آمدورفت میں تاخیر اور دیگر خلل پیدا ہوسکتا ہے۔
ایئرپورٹ حکام نے ڈرونز کے ماخذ یا انہیں اڑانے والے افراد کے بارے میں کوئی تفصیل جاری نہیں کی اور کہا ہے کہ صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے۔



