وزیراعظم شہباز شریف کی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات

نیویارک: وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کی، جس میں اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کے منشور کے مقاصد اور اصولوں سے پاکستان کی مضبوط وابستگی کا اعادہ کیا اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کی قیادت کو سراہا۔ دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال سمیت اہم علاقائی و عالمی معاملات پر بھی گفتگو کی۔وزیراعظم شہباز شریف نے فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت اور آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے حق کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا، جبکہ بڑھتے ہوئے اسلاموفوبیا کے رجحان سے بھی سیکرٹری جنرل کو آگاہ کیا۔ملاقات میں افغانستان کی صورتحال اور افغان سرزمین سے دہشتگردی میں اضافے پر تشویش کا اظہار بھی کیا گیا۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے عالمی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کے کردار اور خدمات کو سراہا۔ انہوں نے تنازعات کے پرامن حل اور خطے میں پائیدار امن و استحکام کے لیے پاکستان کی سفارتی و ثالثی کوششوں کی بھی تعریف کی۔سیکرٹری جنرل نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار اور اس حوالے سے دی جانے والی قربانیوں کو بھی سراہا۔
مزید پڑھیں





