جمعرات، 12 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

گورنر راج کے خلاف درخواستوں کی سماعت کی بحالی کیلئے بیرسٹر گوہر کا وفاقی آئینی عدالت سے رجوع


چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان نے وفاقی آئینی عدالت کے 5 نومبر 2026 کے خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے فیصلے پر نظرثانی اور مقدمے میں فریق بننے کے لیے درخواست دائر کر دی۔


شاہ فیصل الیاس اور علی زمان ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر کی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ وفاقی آئینی عدالت کے 5 نو مبر کےحکم کے نتیجے میں پشاور ہائیکورٹ میں زیرِ سماعت اہم آئینی درخواستوں کی کارروائی متاثر ہوئی ہےخیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کے خلاف درخواستیں پشاور ہائی کورٹ میں زیرِ سماعت ہیں، جبکہ وزیراعلیٰ اور اسپیکر کی بازیابی سے متعلق درخواستیں اور دیگر اہم آئینی مقدمات بھی ان میں شامل ہیں۔


بیرسٹر گوہر علی خان نے استدعا کی ہے کہ انہیں اور دیگر درخواست گزاروں کو مقدمے میں فریق بناتے ہوئے معاملے پر دلائل دینے کے ساتھ تحریری معروضات جمع کرانے کی اجازت دی جائے۔


درخواست میں وفاقی آئینی عدالت سے 5 نومبر کے اپنے حکم پر نظرثانی اور اس میں ترمیم کرنے کی استدعا بھی کی گئی ہے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پشاور ہائیکورٹ کو زیرِ التوا آئینی درخواستوں کی سماعت جاری رکھنے اور ان پر فیصلے کرنے کی اجازت دی جائے خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے خلاف درخواستوں کی سماعت بحال کی جائے اور شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے ساتھ انصاف تک رسائی یقینی بنائی جائے۔


واضح رہے کہ وفاقی آئینی عدالت نے 5 نومبر 2026 کو پشاور ہائی کورٹ کو آئین کے آرٹیکل 199 کے تحت دائر تمام درخواستوں کی سماعت سے روک دیا تھا-