جمعرات، 12 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

شور میں دبی ہوئی آواز،تحریر: ارم نواز

نقطہ نظر

ہمارے معاشرے کا سب سے بڑا المیہ اور بدقسمتی یہ ہے کہ یہاں حق بات کہنا ایک ناقابلِ معافی جرم اور مصلحت کی نقاب اوڑھ کر ہر ناانصافی پر چپ رہنا شرافت کا سب سے بڑا سند مانا جاتا ہے۔ جب کسی انسان کے سامنے کھلم کھلا ظلم ہوتا ہے، ناانصافی سر اٹھاتی ہے یا کسی کمزور و بے بس کا حق غصب کیا جاتا ہے، تو اس کے اندر کا زندہ ضمیر اسے اندر سے جھنجھوڑتا ہے کہ ’’اٹھو، بولو، اس ظلم کا ہاتھ روکو!‘‘ مگر ہمارا یہ جکڑا ہوا معاشرتی ڈھانچہ اسی لمحے اس کی بیدار ہوتی ہوئی آواز کا گلا گھونٹ دیتا ہے۔ چاروں طرف سے خود غرضی کی خوف زدہ سرگوشیاں ابھرنے لگتی ہیں: ’’خاموش رہو، تمہارے اکیلے کے بولنے سے کیا نظام بدل جائے گا؟ لوگ کیا کہیں گے؟ خواہ مخواہ اپنی عزت اور سکون داؤ پر مت لگاؤ۔‘‘ یوں ایک سچی اور توانا آواز وقت سے پہلے ہی دم توڑ دیتی ہے، انسان کا ضمیر گہری نیند سو جاتا ہے، اور ظلم اپنے غاصبانہ پنجے معاشرے میں مزید مضبوطی سے گاڑ لیتا ہے۔

یہی مجرمانہ اور مسلسل خاموشی آج ہمیں تباہی اور اخلاقی زوال کے اس دہانے پر لے آئی ہے جہاں ہم ہر سو بکھرے ظلم کو دیکھ کر بھی جان بوجھ کر آنکھیں چرا لیتے ہیں۔ گلی ہو یا بازار، تعلیمی ادارہ ہو یا دفتر، ہر جگہ کوئی نہ کوئی ہراساں ہو رہا ہے، کوئی اپنے جائز حق سے محروم ہے، تو کوئی اپنی عزتِ نفس کے لیے ترس رہا ہے؛ اور ہم پتھر کے بت بنے محض ایک تماشائی کا گھٹیا کردار ادا کر رہے ہیں۔ سرِ راہ کوئی بے گناہ عورت اپنی عزت بچانے کے لیے تڑپ رہی ہو تو ہم نظریں چرا کر قدم تیز کر لیتے ہیں کہ کہیں کسی الجھن میں نہ پھنس جائیں۔ کوئی غریب مزدور تپتی دھوپ میں اپنے پسینے کی حلال اجرت مانگے تو ہم یہ کہہ کر دامن جھاڑ لیتے ہیں کہ ’’ہمیں کیا، ہمارا کام تو ہو گیا نا!‘‘ اور کوئی معصوم بھوک سے نڈھال بچہ ہاتھ پھیلائے تو ہم جیب میں ہاتھ ڈالے بغیر کسی احساس کے آگے نکل جاتے ہیں۔ یہ سنگ دلی اور پتھر دلی کسی ایک دن یا ایک سال کی پیداوار نہیں، بلکہ یہ صدیوں کی اس غلط معاشرتی تربیت کا زہریلا ثمر ہے جو ہمیں سکھاتی ہے کہ دوسروں کے دکھ سے آنکھیں بند کر لو اور اپنے خول میں مقید رہو۔

ہمیں بچپن ہی سے گھٹی میں یہ زہریلا سبق پلایا جاتا ہے کہ ’’اپنے کام سے کام رکھو، پرائے جھگڑوں میں مت پڑو، شریف لوگ زیادہ بولا نہیں کرتے۔‘‘ اسی بزدلانہ اور خود غرض تربیت نے ہمیں ایک باکردار انسان بنانے کے بجائے ایک بے حس تماشائی بنا ڈالا ہے۔ ہم نے نئی نسل کے ہاتھوں میں مہنگی اور وزنی کتابیں تو تھما دیں، مگر ان کے دلوں اور روحوں میں انسانیت کا دیا جلانا یکسر فراموش کر دیا۔ ہم نے بچوں کو محض نمبروں، ڈگریوں اور پوزیشنز کی اندھی اور ظالم دوڑ میں جھونک دیا، مگر یہ سکھانا بالکل چھوڑ دیا کہ گرے ہوئے کو سہارا دینا کیا ہوتا ہے، کسی کے آنسو پونچھنا کیا ہوتا ہے، اور باطل کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہونا کسے کہتے ہیں۔ نتیجہ ہمارے سامنے ہے: آج کا نوجوان کتابوں کی حد تک تو دانا، ڈگری ہولڈر اور تعلیم یافتہ ہے، مگر عملی زندگی کے بنیادی اخلاقی شعور، ہمدردی اور دردِ دل سے بالکل کورا ہے۔

یہی بچے جب عملی معاشرے میں قدم رکھتے ہیں تو وہ یہ طے ہی نہیں کر پاتے کہ کس کے دکھ پر سچی تڑپ محسوس کرنی ہے اور کس مظلوم کا بازو بننا ہے۔ وہ ہر ناانصافی کو ’’سسٹم کا حصہ‘‘ سمجھ کر خاموشی سے قبول کر لیتے ہیں۔ آج کا سب سے بڑا تضاد یہ ہے کہ سوشل میڈیا پر کوئی دل دہلا دینے والی ویڈیو یا خبر وائرل ہو جائے تو فوراً ’لائک‘ اور ’شیئر‘ کا بٹن دبا دیا جاتا ہے، کمنٹ میں چند پچھتاوے کے الفاظ لکھ کر یہ تسلی کر لی جاتی ہے کہ انسانیت کا فرض پورا ہو گیا۔ مگر حقیقی زندگی میں جب کوئی دہلیز پر آ کر مدد کا طالب ہوتا ہے تو ان کے قدم جم جاتے ہیں، جیبوں پر تالے لگ جاتے ہیں اور ضمیر مکمل طور پر مردہ ہو جاتا ہے۔ یہی کھوکھلی ’ڈیجیٹل ہمدردی‘ اور عملی بے حسی ہمارے زوال کی اصل بنیاد بن چکی ہے۔

سب سے بڑا دکھ اور المیہ یہ ہے کہ ہم اس تمام تر عملی بے حسی کے باوجود خود کو انسانیت کا سب سے بڑا علمبردار اور دلسوز بھی سمجھتے ہیں۔ ایک طرف مساجد، محفلوں اور منبر و محراب پر حقوق العباد اور انسانیت کے طویل و عریض اور رقت آمیز وعظ ہوتے ہیں، تو دوسری طرف اپنے ہی گھر کے ملازم کو انسان کا بنیادی درجہ دینے سے بھی کترایا جاتا ہے۔ ایک طرف ماں کی عظمت اور تقدس پر طویل مضامین لکھے جاتے ہیں، تو دوسری طرف اپنی سگی بہن کو وراثت میں اس کا شرعی اور قانونی حق دینے سے صاف انکار کر دیا جاتا ہے۔ یہ دوہرا معیار، یہ اخلاقی منافقت اور یہ دکھاوے کی انسانیت ہمارے معاشرے کو اندر ہی اندر دیمک کی طرح چاٹ رہی ہے۔ ہم نے بدقسمتی سے دین کو محض چند ظاہری رسومات تک اور انسانیت کو صرف زبانی جمع خرچ تک محدود کر دیا ہے۔

تاہم، مایوسی کفر ہے اور وقت اب بھی ہمارے ہاتھ سے مکمل طور پر نہیں پھسلا۔ کوئی بھی معاشرہ راتوں رات نہیں بدلتا، لیکن ہر بڑے انقلاب کا آغاز ہمیشہ ایک سچی سوچ، ایک بیدار آواز اور ایک جرات مندانہ قدم سے ہی ہوتا ہے۔ اگر ہم آج ہی سے یہ عزم کر لیں کہ ہم اپنے بچوں کو محض پیسہ کمانے اور نمبر لانے والی مشینیں بنانے کے بجائے ایک حساس اور 'دردِ دل رکھنے والا انسان' بنائیں گے، تو آنے والا کل آج سے کہیں زیادہ روشن اور منصفانہ ہوگا۔ اس سلسلے میں ہمیں اپنی تربیت کے زاویے بدلنا ہوں گے:

بچوں کو سکھائیے کہ پڑوسی اور ہمسائے کی تکلیف اپنی تکلیف ہوتی ہے۔

مزدور کا پسینہ خشک ہونے سے پہلے اس کا حق و معاوضہ ادا کرنا سب سے بڑی عبادت ہے۔

عورت کا احترام، تحفظ اور اس کا حق پورے معاشرے کی بقا کی سب سے بڑی ضمانت ہے۔

اور سب سے بڑھ کر یہ کہ ظلم کے سامنے خاموشی اختیار کرنا دراصل ظالم کا ہاتھ مضبوط کرنا اور خود اس گناہ میں شریک ہونا ہے۔

یاد رکھیے! دنیا میں ہر خاموشی شرافت کی علامت نہیں ہوتی؛ بعض اوقات خاموشی دراصل ظلم کی خاموش تائید اور مجرمانہ ساجھے داری بن جاتی ہے۔ جو قومیں اور معاشرے ناانصافی پر مہرِ سکوت ثبت کر لیتے ہیں، تاریخ انہیں کبھی معاف نہیں کرتی اور وہ اپنے زوال کا پروانہ خود اپنے ہاتھوں سے لکھتی ہیں۔ اس لیے بولنا سیکھیے، آواز بلند کیجیے؛ چاہے وہ کتنی ہی دھیمی کیوں نہ ہو، چاہے اس حق کی کٹھن راہ میں آپ بالکل اکیلے ہی کیوں نہ ہوں۔ تاریخ اس بات کی شاہد ہے کہ دنیا کے بڑے بڑے طوفانوں اور انقلابوں کا رخ ہمیشہ کسی ایک دبی ہوئی آواز ہی نے موڑا ہے۔