ہفتہ وار زائچہ،ستارے کیا کہتے ہیں اور ہم کیا سمجھتے ہیں،تحریر:ندیم یعقوب گوہر
نقطہ نظر
'گوہر نایاب' سے معذرت کے ساتھ
ضروری وضاحت: یہ علم کی بنیاد پر لکھی گئی ہے آپ مانیں یا نہ مانیں ہم نے لکھ دیا ہے پڑھیں اور enjoy کریں
♈ برج حمل (Aries)
کام کا حال: جو کام پچھلے چھ مہینوں سے لٹکے ہوئے تھے، وہ اس ہفتے اچانک حرکت میں آئیں گے۔ شراکت دار کے ساتھ مشورہ ضرور کریں، ورنہ بعد میں "میں نے تو پہلے ہی کہا تھا" سننا پڑے گا۔
جیبی صورتحال: پیسے آئیں گے تو سہی، لیکن ہفتے کے اختتام پر گاڑی یا بائیک ایسا نخرہ دکھائے گی کہ مکانک آپ کا بڑا گاهک بن جائے گا۔
لکی نمبر: 1 (یعنی ہر معاملے میں خود کو "نمبر ون" سمجھنا، چاہے عقل گھاس چرنے گئی ہو)۔
لکی نگینہ: ہاتھ میں تسبیح ہو، تاکہ لوگ آپ کو معصوم سمجھیں۔
♉ برج ثور (Taurus)
کام کا حال: دفتر میں صبر کا دامن تھامے رکھیں۔ اگر باس کی بات پر غصہ آئے بھی تو لمبی سانس لیں اور سوچیں کہ بجلی کا بل بھی دینا ہے۔
جیبی صورتحال: آمدنی ٹھیک ٹھاک رہے گی، لیکن کسی نئے بندے کو "ادھار" دینے کی غلطی بالکل نہ کریں۔ ازدواجی زندگی میں خاموشی کو ہی "عقل مندی" سمجھیں۔
لکی نمبر: 2 (دو نمبری کا کلاسک اصول: ایک ہاتھ سے وعدہ کرو، دوسرے سے فرار کی راہ ڈھونڈو)۔
نگینہ: ہیرا (نقلی، تاکہ جیب بھی محفوظ رہے اور دکھاوا بھی پورا ہو)۔
♊ برج جوزا (Gemini)
کام کا حال: باتیں بنانے اور تحریری کاموں میں آپ کا کوئی ثانی نہیں۔ اس ہفتے آپ اپنی مٹھاس بھری باتوں سے سوکھے ہوئے سودے بھی پکے کر لیں گے۔
جیبی صورتحال: جیب کا توازن برقرار رہے گا بشرطیکہ آن لائن شاپنگ ایپس کے نوٹیفکیشن بند کر دیں۔ دوستوں کے ساتھ چائے پر بحث مباحثہ رہے گا۔
لکی نمبر: 10 نمبری (پانچ گواہ بھی پیش کر دیں تب بھی آپ اپنی بات سے ایسے پھریں گے جیسے کچھ ہوا ہی نہیں)۔
نگینہ: مٹی (آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لیے)۔
♋ برج سرطان (Cancer)
کام کا حال: ایک وقت میں دس کام شروع کرنے سے پرہیز کریں۔ سینئرز کے سامنے بس سر ہلانے میں ہی عافیت ہے، زیادہ فلسفہ جھاڑنے سے گریز کریں۔
جیبی صورتحال: سابقہ محنت کا پھل مل سکتا ہے (چاہے وہ پھل چھوٹا ہی کیوں نہ ہو)۔ گھر کے بزرگوں کے پاس بیٹھیں، دعاؤں کے ساتھ چائے بھی مفت ملے گی۔
لکی نمبر: 7 (سات رنگوں کی طرح بدلتی ہوئی طبیعت؛ موڈ اچھا ہو تو فرشتہ، ورنہ ابلیسِ اعظم)۔
نگینہ: موتی (عورتوں کے لیے خوش قسمت اگر فری میں ملے)۔
♌ برج اسد (Leo)
کام کا حال: شیر کی طرح دباؤ قائم رہے گا۔ دفتر میں کوئی بڑا پروجیکٹ آپ کے گلے... یعنی آپ کے سپرد کیا جا سکتا ہے۔
جیبی صورتحال: پرانا رکا ہوا پیسہ ملنے کے امکانات ہیں (جس کی امید آپ چھوڑ چکے تھے)۔ بس گھر میں اپنی "انا" کو دروازے کے باہر رکھ کر داخل ہوں، ورنہ روٹی ٹھنڈی ملے گی۔
لکی نمبر: 10 (دس میں سے دس نمبر صرف آپ کے مزاج اور شاہانہ نخروں کے مطابق)۔
لکی نگینہ: کوئی ایسی چمکتی چیز جو دور سے ہی آپ کی موجودگی کا رعب ڈالے۔
♍ برج سنبلہ (Virgo)
کام کا حال: ہر چیز میں کیڑے نکالنے کی آپ کی عادت کام آئے گی۔ کاغذی کارروائی اور رسیدیں سنبھال کر رکھیں، کوئی بھی حساب مانگ سکتا ہے۔
جیبی صورتحال: مالی منصوبہ بندی زبردست رہے گی۔ ضرورت سے زیادہ بچت کے چکر میں خود کو ایک کپ اچھی چائے سے محروم نہ رکھیں۔ نیند پوری کریں ورنہ ستارے بھی تھکے ہوئے لگیں گے۔
لکی نمبر: 420 (آپ کے مزاج کے مطابق نمبر)۔
لکی نگینہ: زمرد (زمرد خان یا زمرد خانم ان میں ایک لکی ہے)۔
♎ برج میزان (Libra)
کام کا حال: دو لڑنے والوں کے درمیان ثالثی کروانے کے لیے آپ بہترین شخص ہیں۔ ٹیم ورک میں آپ کی بات ایسے سنی جائے گی جیسے کوئی اہم اعلان ہو۔
جیبی صورتحال: فیشن اور سجا سنورنے پر دل کھول کر خرچ کرنے کا موڈ بنے گا، لیکن ذرا ہاتھ ہولا رکھیں۔ رشتوں میں محبت اور لاڈ پیار عروج پر رہے گا۔
لکی نمبر: 9-2-11 (دونوں فریقین کو ایک ہی وقت میں الگ الگ یقین دہانیاں کرانے کا ہنر)۔
لکی نگینہ: سفید پکھراج (آئینے کے سامنے کھڑے ہو کر بال سنوارنے والا برش)۔
♏ برج عقرب (Scorpio)
کام کا حال: اپنے منصوبے کسی کو نہ بتائیں، چاہے وہ کتنا ہی گہرا دوست کیوں نہ ہو۔ راز داری ہی آپ کی کامیابی کی کنجی ہے۔
جیبی صورتحال: جائیداد یا پرانی سرمایہ کاری سے کچھ ہرا بھرا فائدہ ہو سکتا ہے۔ نجی تعلقات میں "جاسوسی" کرنے سے گریز کریں اور اعتماد کو موقع دیں۔
لکی نمبر: 13 (پولیس والوں کا لکی نمبر "چپل" )
لکی نگینہ: پتھر ( کوئی ایسا پتھر جسے دیکھ کر دشمن کے بھی ہاتھ پاؤں کانپ جائیں)۔
♐ برج قوس (Sagittarius)
کام کا حال: نیا کچھ سیکھنے اور گھومنے پھرنے کا دل کرے گا۔ مقصد کا تعیّن درست رکھیں ورنہ سفر صرف "خواری" بن کر رہ جائے گا۔
جیبی صورتحال: آمدنی کے نئے راستے نظر آئیں گے، لیکن زبانی باتوں پر یقین نہ کریں؛ لکھت پڑھت (دستاویز) ضروری ہے۔
لکی نمبر: 12 (بارہ بجے کے بعد آپ کو تلاش کرنا پولیس کے لیے بھی ناممکن ہو جاتا ہے)۔
لکی نگینہ: کوئی نہیں (پیسے بچ گئے)۔
♑ برج جدی (Capricorn)
کام کا حال: وقت کی پابندی اور سنجیدگی آپ کا تمغہ ہے۔ باس آپ کی کارکردگی دیکھ کر مسکرائے گا (شاید بونس نہ دے، لیکن تعریف ضرور کرے گا!)۔
جیبی صورتحال: فالتو اخراجات پر بریک لگائیں۔ گھر میں کسی چھوٹی بات پر بحث ہو تو مسکرا کر موضوع بدل دیں، امن قائم رہے گا۔
لکی نمبر: 9-5 (اٹھو اور جاگو، ورنہ کوئی اور تمہارا پراجیکٹ لے اڑے گا)۔
لکی نگینہ: نیلم (وہ لڑکی جس کی وجہ سے دفتر کی وہ گھڑی جو کبھی سست نہیں ہوتی)۔
♒ برج دلو (Aquarius)
کام کا حال: آپ کے دماغ میں انوکھے اور شاہکار آئیڈیاز آئیں گے۔ لوگ آپ کی سوچ کی تعریف کریں گے، بس ان آئیڈیاز پر عمل بھی کر لیجیے گا۔
جیبی صورتحال: مالی حالت نارمل رہے گی۔ لیکن کسی غیر متوقع ایمرجنسی کے لیے چند روپے چھپا کر رکھنا عقل مندی ہوگی۔
لکی نمبر: 2 (دو بندوں کی گواہی سے پھانسی دی جا سکتی ہے)۔
لکی نگینہ: فیروزہ (یا وہ پرانی انگوٹھی جو نانا جان چھوڑ گئے تھے)۔
♓ برج حوت (Pisces)
کام کا حال: آپ کی شاعرانہ اور تخلیقی صلاحیتیں عروج پر ہوں گی۔ ہوائی قلعے بنانے کی بجائے عملی دنیا میں قدم رکھ کر فیصلے کریں۔
جیبی صورتحال: سیل (Sale) کا بورڈ دیکھ کر جذباتی نہ ہوں۔ نیت صاف رکھیں اور خاندانی ماحول کو خوشگوار بنا کر رکھیں۔
لکی نمبر: 3 (تین خواب جو آپ دن کے اجالے میں کھلی آنکھوں سے دیکھ رہے ہیں)۔
لکی نگینہ: ہیرا (جو پہننے سے یا نگل لینے سے خوابوں کی دنیا کا وہ پاسپورٹ ہے جس پر کوئی ویزا نہیں لگتا)۔
مزید پڑھیں



