بدھ، 4 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

پاسدارانِ انقلاب کی کارروائی, 4 آئل ٹینکر ,ایک امریکی ڈرون تباہ اور 2 بحری جہاز ضبط

strait-of-hormuz-1

ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی بحری اور فضائی افواج نے آبنائے ہرمز کے جنوب میں ممنوعہ گزرگاہ سے گزرنے کی کوشش کرنے والے 4 آئل ٹینکرز کو تباہ ،پابندیوں کی خلاف ورزی کر نے والے دو دیگر بحری جہازوں کو ضبط اور امریکی ایم کیو 9 ڈرون بھی مار گرایا گیا، جو اس نو عیت کا 56 واں ڈرون ہے۔


ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق پاسدارانِ انقلاب کے شعبہ تعلقات عامہ نے بدھ کو جاری بیان میں کہا کہ چاروں آئل ٹینکرز نے سمندری بارودی سرنگوں سے ٹکرانے کے بعد آگ پکڑ لی اور وہ شعلوں کی لپیٹ میں ہیں، جب کہ دو دیگر بحری جہازوں کو روک لیا گیا ہے۔


بیان میں مزید کہا گیا کہ پاسدارانِ انقلاب کی فضائیہ نے مقامی وقت کے مطابق صبح 4 بج کر 30 منٹ پر جدید فضائی دفاعی نظام کے ذریعے آبنائے ہرمز کے اوپر امریکی ایم کیو 9 ڈرون کو نشانہ بنایا۔


پاسدارانِ انقلاب نے اپنے بیان میں امریکا اور اسرائیل کے خلاف سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ اس کےاہلکار کسی بھی کارروائی کے لیےتیار ہیں 4 نومبر امریکا کے لیے 1979ء جیسی ایک اور شکست کا دن ثابت ہوگا۔


ایران نے 28 فروری کو امریکا اور اسرائیل کی فوجی کارروائیوں کے بعد آبنائے ہرمز بند کردی تھی۔ بعد ازاں جون میں پاکستان کی ثالثی میں طے پانے والی مفاہمت کی یادداشت کے تحت ایران اور امریکا نے 60 روز کے لیے آبی گزرگاہ کھولنے پر اتفاق کیا تھا۔


اس معاہدے پر عمل درآمد کے لیے ایران نے پرشین گلف اسٹریٹ اتھارٹی (پی جی ایس اے) بھی قائم کی تھی، تاہم تہران کے مطابق امریکا کی جانب سے معاہدے کی خلاف ورزیوں کے باعث اسے دوبارہ آبنائے ہرمز کی بندش کا فیصلہ کرنا پڑا۔