بدھ، 4 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

فوڈ سبسڈی پروگرام دسمبر کے آخر تک جاری رہے گا،وزیراعظم


وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کے فوڈ سبسڈی پروگرام پر اب تک 28 ارب روپے خرچ کیے جاچکے ہیں اور یہ دسمبر کے آخر تک جاری رہے گا۔


وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ فوڈ سبسڈی کا پروگرام انتہائی کامیابی اور شفافیت کے ساتھ جاری ہے۔حکومت اس پروگرام کو کم از کم دسمبر کے آخر تک جاری رکھے گی,متعلقہ ادارے پروگرام کی نگرانی کر رہے ہیں اور کسی بھی بے ضابطگی پر کارروائی کی جائے گی۔


انہوں نے کہا کہ حکومت کے فوڈ سبسڈی پروگرام سے اب تک ڈیڑھ کروڑ افراد ٹوکن استعمال کرکے فائدہ اٹھا چکے ہیں جبکہ ایک خاندان کے اوسطاً 5 افراد کے حساب سے تقریباً ساڑھے 7 کروڑ شہری اس پرو گرام سے مستفید ہوئے ہیں۔ اس منصوبے پر اب تک 28 ارب روپے خرچ کیے جاچکے ہیں اور یہ دسمبر کے آخر تک جاری رہے گا۔


وزیراعظم نے پیٹرول پمپس پر گڑبڑ اور بے ضابطگیوں کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ اس میں ملوث پیٹرول پمپس کو صرف بند نہیں بلکہ بھاری جرمانے کیے جائیں گے تاکہ دوسروں کے لیے بھی مثال قائم ہو دہائیو ں سے سرگرم مافیا کا دور ختم ہوچکا ہے اور اب ہر کام شفافیت کے ساتھ کیا جائے گا۔


شہباز شریف نے کہا کہ عالمی حالات کے باعث خطے میں کشیدگی اور عدم استحکام پیدا ہوا ہے، جس کے نتیجے میں قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔ پاکستان خطے میں امن کے قیام اور کشیدگی کم کرنے کے لیے پہلے کی طرح اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 3-2 ہفتوں کے دوران پاکستان کی جانب سے سفارتی سطح پر اہم کوششیں کی گئیں۔ اس سلسلے میں فیلڈ مارشل اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے بھی دورے کیے، جبکہ سعودی عرب کے تعاون سے ترکیہ کے نمائندے ابراہیم قالن کی تہران میں بات چیت بھی ہوئی۔


وزیراعظم کے مطابق ان رابطوں کا مقصد خطے میں کشیدگی کم کرنے کے ساتھ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان سہ فریقی معاہدے کو آگے بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کرنا بھی تھا۔