سام سنگ گلیکسی کا مشہور ایپ بند کرنے کا اعلان

کوریا کی معروف ٹیک جائنٹ کمپنی سام سنگ نے گلیکسی سمارٹ فونز اور ٹیبلٹس پر بلٹ ان نیوز سروس فراہم کرنے والی اپنی مقبول ’سام سنگ نیوز ایپ‘ کو 21 دسمبر 2026 کو بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
سام سنگ نے بھارت اور جنوبی کوریا میں اپنے صارفین کو باضابطہ طور پر مطلع کر دیا ہے کہ یہ سروس 21 دسمبر 2026 کو پاکستانی وقت کے مطابق رات بارہ بجے بند کر دی جائے گی، اس حوالے سے 26 اکتوبر کو ان ایپ نوٹیفکیشن کے ذریعے صارفین کو آگاہ کیا گیا تھا، جس میں بتایا گیا کہ بندش کے بعد سام سنگ نیوز کا ویجٹ مزید مواد کی اپ ڈیٹس موصول نہیں کرے گا۔
کمپنی نے سروس کی بندش سے قبل صارفین کو سختی سے مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے فونز کی ہوم سکرین سے اس ویجٹ کو فوراً ہٹا دیں۔
واضح رہے کہ اپریل 2023 میں ریلیز کی جانے والی سام سنگ نیوز ایپ نے دراصل ’سام سنگ فری‘ کی جگہ لی تھی۔ اس سروس کے ذریعے صارفین کو مختلف پبلشرز سے بریکنگ نیوز، سپورٹس اپ ڈیٹس، مالیاتی معلومات اور ذاتی نوعیت کا مواد باآسانی میسر آتا تھا۔
اس پلیٹ فارم کی مدد سے گلیکسی صارفین اپنی دلچسپی کے مطابق مخصوص موضوعات اور خبروں کے ذرائع کو فالو کرنے کی سہولت سے مستفید ہوتے رہے ہیں، سروس کی بندش کے بعد سام سنگ کی جانب سے اس پلیٹ فارم پر جمع کیا گیا تمام ذاتی ڈیٹا، بشمول یوزر پر و فائلز اور پرسنلائزیشن کی سیٹنگز، مستقل طور پر حذف کر دیا جائے گا۔
تاہم قانونی تقاضوں اور ضوابط کے تحت جہاں کہیں بھی لازم ہوگا، کچھ مخصوص معلومات کو عارضی طور پر محفوظ بھی رکھا جا سکتا ہےابھی تک سام سنگ نے اس فیصلے کی باضابطہ وجہ ظاہر نہیں کی ہے، تاہم یہ خیال کیا جا رہا ہے کہ گلیکسی ہوم سکرینز پر اب ’گوگل ڈسکور‘ کو بطور بنیادی نیوز فیڈ شامل کیا جا سکتا ہے، اگرچہ کمپنی نے اس کی تاحال باضابطہ تصدیق نہیں کی ہے۔
مزید پڑھیں


