اوکاڑہ: نہری پانی چوری کے خلاف ضلعی انتظامیہ متحرک، ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او کا رات گئے دورہ
اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)کمشنر ساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل کی زیر صدارت اجلاس، اجلاس میں ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک سمیت ضلعی انتظامیہ کے افسران نے شرکت کی۔ کمشنر ساہیوال نے عوامی سہولت کے پیش نظر حکومتی ہدایات پر عمل درآمد کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک نے ریونیو سہولیات، غیر قانونی ہاؤسنگ کالونی کے خلاف اقدامات، کنورژن کیسز سمیت دیگر اقدامات پر بریفنگ دی۔ کمشنر ساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل نے فلاح عامہ کے سلسلہ میں اقدامات کے سلسلہ جاری رکھنے کی ہدایات جاری کیں۔ کمشنر ساہیوال نے کہا کہ عوام کو ریونیو سہولیات کی فراہمی کے سلسلہ میں ترجیحی بنیادوں پر اقدامات جاری رکھے جائیں۔ حکومتی ہدایات کے مطابق غیر ہاؤسنگ سوسائٹیز کے خلاف کاروائیاں جاری رکھی جائیں۔ ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ موثر میکانزم کے ذریعے عوامی شکایات کے ازالہ کے سلسلہ از حد ضروری ہے۔ اس سلسلہ میں صوبائی محکموں کے ساتھ ساتھ وفاقی محکموں کی بھی مانیٹرنگ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی ریلیف کے لیے حکومتی ہدایات پر عمل درآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر ) وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر نہری پانی چوری کی روک تھام اور کاشتکاروں کو ان کے حصے کے مطابق پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ متحرک ہو گئی۔ ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ محمد اکرام ملک اور ڈی پی او ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے رات گئے موضع 25/4 ایل کا دورہ کیا اور علاقے میں نہری پانی کی تقسیم اور فراہمی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق نہری پانی چوری کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ پانی کی منصفانہ تقسیم یقینی بنائی جائے گی تاکہ تمام کاشتکاروں کو ان کے مقررہ شیڈول اور حق کے مطابق نہری پانی دستیاب ہو سکے۔
انہوں نے واضح کیا کہ نہری پانی چوری میں ملوث عناصر اور پانی کی تقسیم کے نظام میں غیر قانونی مداخلت کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ کاشتکاروں کو ان کے حصے کا پانی فراہم کرنے کے لیے فیلڈ میں نگرانی کا عمل بھی مسلسل جاری رکھا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر نے کاشتکاروں کو ہدایت کی کہ اگر انہیں مقررہ شیڈول کے مطابق نہری پانی دستیاب نہ ہو یا پانی کی تقسیم میں کسی قسم کی بے ضابطگی کا سامنا کرنا پڑے تو وہ ضلعی انتظامیہ کے مرکزی کنٹرول روم میں اپنی شکایات درج کروائیں، تاکہ بروقت کارروائی کرکے ان کے مسائل حل کیے جا سکیں۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق نہری پانی کی چوری کی روک تھام، شفاف تقسیم اور کاشتکاروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے نگرانی اور قانونی کارروائی کا سلسلہ جاری رکھا جائے
گا۔
یاد رہے چک نمبر 22 فور ایل اور 23فور ایل بھوہڑانوالہ جو آخری ٹیل 3ایل اور 4ایل پر واقع ہیں گزشتہ کئی دہائیوں سے محکمہ انہار ٹیلوں پر پانی پورا نہیں کررہا راستہ میں پانی چوری مختلف طریقوں سے کرواتا جاتا ہے جس کی وجہ سے دونوں دیہاتوں کی زمین پانی کی کمی کی وجہ سے سیم تھور کا شکار ہو گئی جبکہ زیر زمین پانی کڑوا ہے مقامی لوگوں نے کئی بار محکمہ انہار کو داد رسی کی درخواست کی مگر کامیاب نہیں ہونے اب وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف صاحبہ کا قائم کردہ کنٹرول سیل اور ان کا عملہ متحرک ہوا جس کی وجہ سے امید کی جارہی ہے ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ کسانوں کو ان کا جائز حق دلائیں گے
مزید پڑھیں




