ہفتہ، 31 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

چترال میں پہلی مرتبہ تمام تھانوں میں مددگار پولیس اہلکار تعینات

مصنف:

چترال ( فتح اللہ ) لوئر چترال میں پہلی مرتبہ عوام کو تھانوں میں درپیش مشکلات کے ازالے اور پولیس سے متعلق امور میں رہنمائی فراہم کرنے کے لیے ضلع کے تمام تھانہ جات میں مددگار پولیس اہلکار تعینات کر دیے گئے ہیں۔


ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ زاہد نواز مروت کے احکامات اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لوئر چترال محمد خالد خان کی خصوصی ہدایات پر اٹھائے گئے اس اقدام کا مقصد تھانوں میں آنے والے شہریوں اور سائلین کو بہتر سہولیات فراہم کرنا اور ان کی مشکلات میں کمی لانا ہے۔تعینات کیے گئے مددگار پولیس اہلکار تھانوں میں آنے والے شہریوں کی رہنمائی کریں گے، ان کے مسائل کے حل میں معاونت فراہم کریں گے اور متعلقہ پولیس افسران سے ملاقات کے لیے سہولت کاری کا کردار ادا کریں گے، تاکہ شہریوں کو اپنی شکایات درج کرانے اور دیگر قانونی و انتظامی امور کے سلسلے میں غیر ضروری پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اس سلسلے میں تعینات اہلکاروں کو واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ عوام کے ساتھ خوش اخلاقی، احترام اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور ہر سائل کو بروقت رہنمائی فراہم کریں۔


پولیس حکام کے مطابق اس اقدام کا بنیادی مقصد تھانوں میں عوام دوست ماحول کو فروغ دینا، شہریوں اور پولیس کے درمیان رابطے کو مؤثر بنانا اور پولیس خدمات تک عوام کی آسان رسائی یقینی بنانا ہے۔شعبۂ تعلقات عامہ، لوئر چترال پولیس کے مطابق یہ اقدام عوامی سہولت اور بہتر پولیسنگ کے سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔