شہباز شریف کا آئی کیو آئزک نیوٹن کے قریب ہے، حذیفہ رحمان کا دعویٰ
وزیر اعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی حذیفہ رحمان نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم کا آئی کیو (IQ) نیوٹن کے قریب ہے اور ان کی ذہنی صلاحیتیں غیر معمولی ہیں۔
نجی نیوز چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے حذیفہ رحمان نے وزیراعظم کے کام کرنے کے انداز، انتظامی صلاحیتوں اور وفاقی کا بینہ کے ارکان سے متعلق گفتگو کی۔ ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف صبح 6 بجے سے رات 10 بجے تک کام کرتے ہیں اور ہر ہفتے وفاقی کا بینہ کا اجلاس بھی منعقد کرتے ہیں۔
حذیفہ رحمان کے مطابق وزیراعظم بدعنوانی اور نااہلی کو برداشت نہیں کرتے اور وزرا سے بھی اعلیٰ معیار کی کارکردگی کی توقع رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کا معیارِ اہلیت اتنا بلند ہے کہ اگر ان کے اختیار میں ہو تو وہ موجودہ 55 رکنی وفاقی کابینہ میں سے 52 یا 53 وزرا کو فارغ کرکے صرف دو یا تین ارکان کو برقرار رکھیں۔
انہوں نے وزیراعظم کی ذہانت کا موازنہ معروف سائنسدان آئزک نیوٹن سے کرتے ہوئے کہا کہ وہ اکثر شہباز شریف سے کہتے ہیں کہ ان کا آئی کیو نیوٹن کے قریب ہے,تاریخی اندازوں کے مطابق آئزک نیوٹن کا آئی کیو 168 تصور کیا جاتا ہے جبکہ وزیراعظم کی تیزی سے فیصلے کرنے اور حالات کو سمجھنے کی صلاحیت کو دیکھتے ہوئے ان کا آئی کیو تقریباً 158 سے 160 کے درمیان ہوسکتا ہے,اس بیان کا مقصد وزیراعظم کی غیر معمولی فکری اور انتظامی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا تھا تاہم ان کی گفتگو کو سوشل میڈیا پر سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔
مزید پڑھیں



