منگل، 27 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

چینی فوج ضلع اوپری سبانسری میں 40 سے 50 کلومیٹر تک اندر داخل ہو چکی ہے،اروناچل کانگریس کے صدر کا دعویٰ


اروناچل کانگریس کے صدر بوسیرام سیرام نے ایک پریس کانفرنس کے دوران دعویٰ کیا ہے کہ چینی فوج (PLA) اروناچل پردیش کے ضلع اوپری سبانسری میں 40 سے 50 کلومیٹر تک اندر داخل ہو چکی ہے۔


ان کے مطابق اس دراندازی کی وجہ سے مقامی لوگوں کی روایتی سرگرمیوں، رسائی اور بھارتی فوج کی گشت پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں,بھارتی میڈیا کے مطابق بوسیرام سیرام نے بتایا کہ یہ دعویٰ کانگریس کے ایک اعلیٰ سطحی وفد کے اگست 2026 کے آخر میں کیے گئے سرحدی دورے (ناچو، لائم کنگ اور تکسنگ سیکٹرز) اور وہاں کے مقامی باشندوں سے حاصل کردہ معلومات پر مبنی ہے-


انہوں نے الزام لگایا کہ چینی فوج کی جارحانہ سرگرمیوں کے باعث مقامی لوگ روایتی علاقوں میں یاک (Yak) چرانے، شکار کرنے اور جنگلی جڑی بوٹیاں اکٹھی کرنے سے محروم ہو چکے ہیں، کانگریس صدر نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ جولائی 2026 کے آخری ہفتے میں دو نو ں افواج کے درمیان لاٹھیوں سے جسمانی جھڑپیں بھی ہوئی تھیں، جہاں بھارتی فوج نے چینی پیش قدمی کا منہ توڑ جواب دیا۔


دوسری جانب، اروناچل پردیش کے وزیر اعلیٰ پیما کھانڈو اور مرکزی وزیر کرن ریجیجو نے 40 سے 50 کلومیٹر اندر تک دراندازی کے ان دعووں کو مسترد کر دیا ہے۔ تاہم، کرن ریجیجو نے یہ اعتراف ضرور کیا کہ پہاڑی چوٹیوں پر چینی سرگرمیوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے، بھار تی فوج کی جانب سے بھی اس سے قبل مقامی تنظیموں کے ایسے دعووں کو بے بنیاد قرار دیا جا چکا ہے۔


بوسیرام سیرام نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ان عوامی شکایات کو محض افواہ کہہ کر مسترد کرنے کے بجائے ایک غیر جانبد ارانہ اور اعلیٰ سطحی تحقیقات کروائی جائیں تاکہ سرحدی حقائق سامنے آ سکیں۔