امریکا نے ایلون مسک کو 10 لاکھ سیٹلائٹس خلا میں بھیجنے کی اجازت دیدی

امریکی فیڈرل کمیونیکیشن کمیشن (ایف سی سی) نے ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس کو خلا میں ڈیٹا سینٹرز قائم کرنے اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی ضروریات پوری کرنے کے لیے 10 لاکھ سیٹلائٹس مدار میں بھیجنے کی با قاعدہ منظوری دے دی ہے۔
ایف سی سی کے مطابق ’اسٹار مائنڈ‘ نامی اس سیٹلائٹ نیٹ ورک کی منظوری تیزی سے بڑھتی ہوئی اے آئی کمپیوٹنگ کی طلب کو پورا کرنے کے لیے دی گئی ہے، جو اس وقت زمین کے گرد گردش کرنے والے تمام فعال سیٹلائٹس کی مجمو عی تعداد سے کہیں زیادہ ہوگا۔
اس سے قبل اسپیس ایکس کے ’اسٹار لنک‘ نے بڑے سیٹلائٹ نیٹ ورکس یعنی میگا کانسٹیلیشنز کے دور کا آغاز کیا تھا، جس کی تقلید اب ایمیزون اور چینی آپریٹرز بھی کر رہے ہیں,تاہم اسٹار مائنڈ جیسے وسیع پیمانے پر سیٹلائٹس مدار میں بھیجنے کے منصوبے نے سائنسدانوں میں خلائی ملبے، فضائی آلودگی اور رات کے آسمان کی قدرتی ہیئت تبدیل ہونے سے متعلق شدید خدشات کو جنم دیا ہے۔
دوسری جانب اسپیس ایکس نے اس حوالے سے خبر رساں ادارے رائٹرز کی جانب سے رابطہ کرنے پر فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ماہرین اور ریگولیٹرز کے درمیان اس بات پر اختلاف پایا جاتا ہے کہ 75 میٹر (246 فٹ) پروں کے پھیلاؤ والے 10 لاکھ سیٹلائٹس ماحول کو کتنا نقصان پہنچا سکتے ہیں۔
یونیورسٹی کالج لندن کے محققین کی ایک حالیہ تحقیق کے مطابق 10 لاکھ سیٹلائٹس کے لانچ اور فضا میں واپسی سے اخراج موجودہ سطح کے مقابلے میں تقریباً 70 سے 150 گنا تک بڑھ سکتا ہے، جس سے اوزون کی تہہ، آب و ہوا اور ہوا کا معیار متاثر ہوگا۔
اسپیس ایکس کی درخواست میں ان خطرات کا مکمل جائزہ لینے کے لیے درکار معلومات موجود نہیں تھیں تاہم ایف سی سی نے ان خدشات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ راکٹ لانچ کے اخراج اور انسانی ماحول پر پڑنے والے بالواسطہ اثرات کمیشن کے دائرہ اختیار سے باہر ہیں۔
ریگولیٹر نے فضا میں واپسی پر سیٹلائٹس کے جلنے سے ہونے والے اثرات کو بھی محض قیاس آرائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریکارڈ میں اس کے شواہد موجود نہیں ہیں،نچلا زمینی مدار، جہاں اسٹار لنک اور مجوزہ اسٹار مائنڈ سیٹلائٹس کام کریں گے، پہلے ہی شدید رش کا شکار ہے۔
یورپی خلائی ایجنسی کے مطابق یکم فروری تک مدار میں 1 ملی میٹر سے 10 سینٹی میٹر (4 انچ) سائز کے 231 ملین سے زیادہ ملبے کے ٹکڑے موجود تھے اور ماہرین خبردار کر چکے ہیں کہ اگر آج تمام خلائی سرگرمیاں روک بھی دی جائیں تب بھی یہ ملبہ بڑھتا رہے گا۔
اسپیس ایکس نے ایف سی سی کو جمع کرائے گئے جواب میں مؤقف اپنایا ہے کہ وہ ابتدائی طور پر جانچ کے لیے سیٹلائٹس کو نچلے مدار میں تعینات کرے گا اور بعد ازاں انہیں بلندی پر منتقل کیا جائے گا سیٹلائٹس میں نصب پروپلشن سسٹم تصادم سے بچاؤ، مقررہ پوزیشن برقرار رکھنےاور مدت پوری ہونے پر سمندروں کے اوپر کنٹرولڈ واپسی کے ذریعے مکمل طو ر پر جل کر ختم ہونے میں مدد دے گا۔
تاہم یونیورسٹی آف برمنگھم کے پروفیسر ہیو لیوس کا کہنا ہے کہ اگر ان سیٹلائٹس کی ناکامی کی شرح محض 1 فیصد بھی رہی، تو ہر سال ہزاروں ناکارہ سیٹلائٹس مدار میں رہ جائیں گے جس سے تصادم کے خطرات کئی گنا بڑھ جائیں گے۔
مزید پڑھیں





مریم نواز کا تلہ گنگ کو ضلع بنانے کا اعلان
