کنڑ میں دھماکے سے تباہ ہونے والی بارود فیکٹری ٹی ٹی پی کے سینیئر کمانڈر مفتی نوید کی نکلی

افغانستان کے صوبہ کنڑ کے علاقے اندسیر میں دھماکے سے تباہ ہونے والا مکان کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے سینیئر کمانڈر مفتی نوید کا نکلا، جس میں مفتی نوید، ان کی اہلیہ، ایک بیٹا اور 30 سے زیادہ اسکول کے بچے ہلاک ہو گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق افغان صوبہ کنڑ کے دارالحکومت اسد آباد کے علاقے اندسیر میں ہونے والے شدید دھماکے کے نتیجے میں جو گھر مکمل طور پر منہدم ہوا، وہ کالعدم ٹی ٹی پی کے اہم کمانڈر مفتی نوید کی ملکیت تھا،مفتی نوید کالعدم ٹی ٹی پی کا سینیئر ترین کمانڈر تھا اور اس کا گھر بطور اسلحہ ساز فیکٹری استعمال ہو رہا تھا جہاں دھماکہ اس وقت ہوا جب یہاں بارود تیار کیا جا رہا تھا۔
مفتی نوید سوات کے علاقے میں شدت پسندوں کی تربیتی کارروائیوں کا ذمہ دار تھا۔ دھماکے کی شدت اس قدر زیادہ تھی کہ مفتی نوید، اس کی اہلیہ اور ایک بیٹا موقع پر ہی مارے گئے، جبکہ اس گھر کے قریب واقعہ اسکول کے 30 طلبہ بھی ہلاک ہو گئے۔
سینیئر بین الاقوامی نامہ نگار تاج الدین سروش نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنی پوسٹ میں ایک اور ذریعے کے حوالے سے تصدیق کی ہے کہ یہ واقعہ مفتی نوید کے گھر پر پیش آیا جو سوات ریجن میں تربیتی آپریشنز کا نگران بھی ہوا کرتا تھا۔
ان کے مطابق اس دھماکے میں مفتی نوید، ان کی اہلیہ اور ایک بیٹا ہلاک ہوئے، جبکہ اسی ذریعے نے دعویٰ کیا ہے کہ یہاں قریب ہی ایک اسکول بھی موجود تھا، دھماکہ اس قدر زور دار تھا کہ اس سے قریبی اسکول میں موجود 30 سے زیادہ طلبہ بھی جان کی بازی ہار گئے ہیں۔
تاج الدین سروش کے مطابق کنڑ کے معاملات پر گہری نظر رکھنے والے حکمت یار کے مطابق دھماکے کی جگہ کالعدم ٹی ٹی پی کی بارود اور دھماکہ خیز مواد تیار کرنے والی ایک فیکٹری تھی۔ ان کے مطابق اس حادثے کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک جبکہ 100 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔
اس واقعے نے ایک بار پھر افغان طالبان رجیم کی سرپرستی میں افغانستان کے عام شہری علاقوں کے اندر قائم کالعدم ٹی ٹی پی کے دھماکہ خیز مواد اور تربیتی انفراسٹرکچر کو بے نقاب کر دیا ہے۔
مزید پڑھیں





مریم نواز کا تلہ گنگ کو ضلع بنانے کا اعلان
