Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

دنیا اس وقت غیر معمولی نوعیت کے چیلنجز کا سامنا کررہی ہے,سعود وزیرخارجہ


سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور پڑوسی ممالک کو ایرانی حملوں کا سامنا ہے اور ریاض کو اپنی سلامتی، خودمختاری اور عوام کے تحفظ کا مکمل حق حاصل ہے-


نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ دنیا اس وقت غیر معمولی نوعیت کے چیلنجز کا سامنا کررہی ہے اور موجودہ بحران وسائل کی کمی کے بجائے طے شدہ اصولوں پر عمل در آ مد میں ناکامی کا نتیجہ ہیں, سعودی عرب اور اس کے پڑوسی ممالک کو ایرانی حملوں کا سامنا ہے، تاہم مملکت اپنی سلامتی اور خودمختار ی کے تحفظ کے ساتھ ساتھ اپنے عوام کی حفاظت کا مکمل حق رکھتی ہے۔


سعودی وزیر خارجہ نے علاقائی کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان، قطر اور دیگر دوست ممالک کی سفارتی کوششوں کو سراہا انہوں نے کہا کہ جاری تنازعات سے نمٹنے اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے علاقائی تعاون، مذاکرات اور مربوط سفارتی کوششوں کو آگے بڑھانا ضروری ہے۔


فیصل بن فرحان نے کہا کہ سعودی عرب، قطر اور پاکستان کی جانب سے کشیدگی کم کرنے کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے ان کے مطابق تنازعات کے پُرامن حل اور علاقائی سلامتی کے لیے تمام متعلقہ ممالک کی مشترکہ کوششیں ضروری ہیں۔


سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ آبنائے ہرمز کو بحال کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے بین الاقوامی جہاز رانی کے تحفظ کو سب کی مشترکہ ذمہ داری قرار دیتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب آبی گزرگاہوں کو دباؤ یا بلیک میلنگ کے لیے استعمال کرنے کو مسترد کرتا ہے۔


انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی جہاز رانی کا تحفظ ضروری ہے، کیونکہ خلیجی خطے کی سلامتی توانائی کے تحفظ اور سپلائی چین کے تسلسل سے براہ راست جڑی ہوئی ہے, ان کے مطابق سعودی عرب کی ایسٹ ویسٹ پائپ لائن نے توانائی کی فراہمی میں رکاوٹوں کو کم کرنے میں مدد دی ہے۔


فیصل بن فرحان نے حوثیوں کے حملوں کی مذمت کی اور کہا کہ ان کی کارروائیاں سلامتی کے لیے خطرہ ہیں انہوں نے واضح کیا کہ خلیجی خطے کی سلامتی صرف خلیجی ممالک کا معاملہ نہیں بل کہ پورے خطے اور دنیا کی سلامتی سے جڑی ہوئی ہے۔


سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ سعودی عرب فلسطینی علاقوں سے جبری بے دخلی یا وہاں کی موجودہ صورتِ حال تبدیل کرنے کی کسی بھی کوشش کو مسترد کرتا ہے,انہوں نے فلسطینیوں کی مسلسل مشکلات اور انسانی امداد کی فراہمی میں رکاوٹ کو عالمی قانون کی خلاف ورزی قر ار دیتے ہوئے کہا کہ فلسطینی عوام کو درپیش بحران کے خاتمے اور امداد کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے عالمی برادری کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔


فیصل بن فرحان نے کہا کہ علاقائی تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارتی رابطوں کو ترجیح دینا ضروری ہے۔ انہوں نے علاقائی تعاون کے ذریعے امن و سلامتی کے قیام، عالمی قوانین کے احترام اور بحرانوں کے پُرامن حل کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔