ہفتہ، 17 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

ٹرمپ کی پریس سیکرٹری کیٹی زکریا عہدہ سنبھالنے کے چند روز بعد برطرف

مصنف:

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی وائٹ ہاؤس پریس سیکرٹری کیٹی زکریا کو عہدہ سنبھالنے کے ایک ہفتے سے بھی کم عرصے میں عہدے سے ہٹا دیا گیا۔


خبر رساں ایجنسی کے مطابق وائٹ ہاؤس کے دو الگ الگ عہدیداروں نے تصدیق کی ہے کہ کیٹی زکریا اب پریس سیکرٹری کی ذمہ داریاں انجام نہیں دیں گی۔کیٹی زکریا نے پیر کو عہدے کا چارج سنبھالا تھا، جبکہ منگل کو وائٹ ہاؤس میں اپنی پہلی نیوز بریفنگ دی۔ تاہم ابتدائی دنوں ہی میں انہیں اپنی قانونی قابلیت اور میڈیا سے گفتگو کے دوران کارکردگی پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔تنازع اس وقت شدت اختیار کر گیا جب پہلی پریس بریفنگ کے دوران وہ متعدد سوالات کے جوابات دیتے ہوئے اٹک گئیں۔ ایک صحافی نے ان سے پوچھا کہ انہوں نے امریکا کی کس ریاست میں بار کا امتحان پاس کیا ہے، جس پر ان کا جواب تھا کہ جب وہ چین منتقل ہوئی تھیں۔بعد ازاں امریکی میڈیا کی تحقیقات میں دعویٰ کیا گیا کہ کیٹی زکریا نے 2011 میں پیپرڈائن یونیورسٹی سے قانون کی ڈگری حاصل کی تھی، تاہم امریکا کی 50 ریاستوں یا ڈسٹرکٹ آف کولمبیا میں سے کسی کے بار ایسوسی ایشن کے ریکارڈ میں ان کا نام بطور وکیل درج نہیں تھا۔

تنقید کے بعد کیٹی زکریا نے اعتراف کیا کہ وہ پہلی کوشش میں بار کا امتحان پاس نہیں کر سکی تھیں اور انہوں نے دوسری مرتبہ یہ امتحان نہیں دیا۔


ان کی پہلی پریس بریفنگ کے دوران ایک اور واقعہ بھی پیش آیا، جب انہوں نے غلطی سے اپنے شوہر کو ’’میرے صدر‘‘ کہہ دیا، جس پر انہیں مزید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

تنازع بڑھنے کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعے کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ انہوں نے کیٹی زکریا کو عہدے پر برقرار رکھنے کے فیصلے پر دوبارہ غور کرنے کا مشورہ دیا تھا، کیونکہ انہیں ابتدائی دنوں میں میڈیا کی جانب سے سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔تاحال وائٹ ہاؤس یا کیٹی زکریا کی جانب سے ان کی برطرفی کے معاملے پر باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔