ہفتہ، 17 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

بجلی فی یونٹ 2 روپے 56 پیسے مہنگی کرنے کی درخواست

مصنف:

اسلام آباد: سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے بجلی کی قیمت میں فی یونٹ 2 روپے 56 پیسے اضافے کے لیے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) سے رجوع کر لیا۔


نیپرا کے مطابق سی پی پی اے نے ستمبر کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی مہنگی کرنے کی درخواست جمع کرائی ہے، جس پر سماعت 29 اکتوبر کو ہوگی۔سی پی پی اے کی درخواست کے مطابق ستمبر میں بجلی کی فی یونٹ اوسط فیول لاگت کا تخمینہ 7 روپے 46 پیسے تھا، تاہم اصل لاگت بڑھ کر 10 روپے 2 پیسے فی یونٹ تک پہنچ گئی۔

درخواست میں بتایا گیا ہے کہ ستمبر کے دوران مقامی کوئلے سے 7 ارب 95 کروڑ روپے جبکہ درآمدی کوئلے سے 37 ارب 14 کروڑ روپے کی بجلی پیدا کی گئی۔ بجلی کی پیداوار کے لیے ڈیزل پر 13 ارب 26 کروڑ روپے اور فرنس آئل پر 11 ارب 81 کروڑ روپے خرچ ہوئے۔سی پی پی اے کے مطابق مقامی گیس سے بجلی کی پیداوار پر 13 ارب 89 کروڑ روپے جبکہ ایل این جی سے بجلی پیدا کرنے پر 31 ارب 93 کروڑ روپے کے اخراجات آئے۔درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ ستمبر میں بجلی کی پیداوار پر مجموعی فیول لاگت 127 ارب 87 کروڑ روپے رہی، جبکہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) نے صارفین کو مجموعی طور پر 12 ارب 76 کروڑ یونٹ بجلی فروخت کی۔نیپرا کی جانب سے درخواست پر سماعت کے بعد بجلی کی قیمت میں اضافے سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔