اتوار، 8 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

لاس اینجلس:دو مسافر طیارے فضا میں آپس میں ٹکرانے سے بال بال بچ گئے


لاس اینجلس انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر ائیر ٹریفک کنٹرول کی فوری مداخلت کی وجہ سے دو مسافر طیارے فضا میں آپس میں ٹکرانے سے بال بال بچ گئے۔


یہ واقعہ 7 نومبر 2026 کو رات کے وقت لاس اینجلس ائیرپورٹ پر ٹیک آف کے فوراً بعد پیش آیا،ائیر فرا نس کی پرواز اے ایف 28 کا ایک بڑا طیارہ ائیربس اے 350 طیارہ جو تاہیٹی جا رہا تھا، عین اس وقت امر یکن ائیرلائنز کی پرواز اے اے 1660 کا طیارہ ائیر بس اے 321 ڈیلس کے لیے روانہ ہوا۔


دونوں طیاروں نے چند سیکنڈز کے وقفے سے ائیرپورٹ کے الگ الگ رن ویز سے اڑان بھری۔ ائیر فرانس کے پائلٹس کو ہدایت دی گئی تھی کہ وہ اڑان بھرنے کے بعد سیدھا جائیں گے لیکن انہوں نے بغیر اجازت کے اچانک بائیں طرف ایک تیز موڑ کاٹ دیا۔


https://x.com/RonallChersan/status/2119382865939210581?a=gDjSeDwj7hkdWPb6Ik8&s=20


دوسری طرف امریکی ائیرلائنز کا طیارہ بھی اسی سمت میں آگے بڑھ رہا تھا ائیر فرانس کے اس غلط موڑ کی وجہ سے دونوں طیارے بالکل ایک دوسرے کے سامنے آ گئے اور ان کا راستہ ٹکرا گیا پائلٹوں کی اس غلطی کی وجہ سے دونوں جہاز فضا میں ایک دوسرے کے انتہائی قریب آگئے۔


دونوں طیاروں کے درمیان اوپر نیچے کا فاصلہ صرف 301 فٹ رہ گیا تھا جب کہ آمنے سامنے کا فاصلہ ایک میل سے بھی کم تھا ایوی ایشن کی دنیا میں اتنی بلندی پر یہ فاصلہ انتہائی خطرناک اور جان لیوا سمجھا جاتا ہے۔


راڈار پر یہ خطرہ دیکھتے ہی ائیر ٹریفک کنٹرولر نے فوری طور پر مداخلت کی، کنٹرولر نے وائرلیس پر ہنگامی وارننگ جاری کرتے ہوئے دونوں طیاروں کے پائلٹوں کو فوری طور پر اپنی سمت تبدیل کرنے اور مخالف رخ پر مڑنے کا حکم دیا۔


کنٹرولر کی اس پھرتی کی وجہ سے دونوں جہاز محفوظ رہے، کسی مسافر کو نقصان نہیں پہنچا اور دونوں پروازیں اپنے اپنے سفر پر روانہ ہو گئیں،امریکی حکام اب اس بات کی تحقیقات کر رہے ہیں کہ ائیر فرانس کے پائلٹوں نے یہ غلط موڑ کیوں کاٹا تھا۔